ویسے تو متعدد کمپنیاں اسمارٹ فونز تیار کرتی ہیں مگر ایپل کے آئی فونز کو سب سے زیادہ خاص سمجھا جاتا ہے۔
یہی وجہ ہے کہ ہر سال دنیا میں افراد نئے آئی فونز کا بے صبری سے انتظار کرتے ہیں۔
اس سال آئی فون 16 سیریز کو متعارف کرایا جائے گا اور اب اس کی ممکنہ تاریخ رونمائی سامنے آگئی ہے۔
بلومبرگ کی ایک رپورٹ کے مطابق ایپل کے نئے آئی فونز 10 ستمبر کو ایک ایونٹ کے دوران متعارف کرائے جائیں گے۔
ایپل کی جانب سے عموماً ستمبر کے دوسرے منگل یا بدھ کو نئے آئی فونز پیش کیے جاتے ہیں اور اس سال بھی ایسا ہی ہوگا۔
رپورٹ کے مطابق ایونٹ میں آئی فون 16، آئی فون 16 پلس، آئی فون 16 پرو اور آئی فون 16 پرو میکس کے ساتھ ایپل واچ سیریز 10، ایپل واچ ایس ای اور ایپل واچ الٹرا 3 جیسی ڈیوائسز بھی متعارف کرائی جائیں گی۔
اگر واقعی نئے آئی فونز 10 ستمبر کو متعارف کرائے گئے تو مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے صارفین انہیں 20 ستمبر کو خرید سکیں گے۔
لیکس کے مطابق آئی فون 16 کے بیک پر کیمرا سیٹ اپ کا ڈیزائن تبدیل کیا جائے گا جبکہ یہ 6.1 انچ کے ڈسپلے سے لیس ہوگا۔
آئی فون 16 پلس میں 6.7 انچ کا ڈسپلے دیا جائے گا جبکہ آئی فون 16 پرو 6.3 انچ جبکہ آئی فون 16 پرو میکس 6.9 انچ کے ڈسپلے سے لیس ہوگا۔
ایسا بھی کہا جا رہا ہے کہ آئی فون 16 پرو میکس کے فرنٹ ڈسپلے میں کناروں کی پٹی یا بیزل اس وقت دستیاب تمام اسمارٹ فونز کے مقابلے میں سب سے کم ہوں گے۔
ایک لیک میں بتایا گیا کہ آئی فون 16 پرو میکس میں بیزل کا حجم 0.06 انچ سے بھی کم ہوگا۔