سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بھارت میں لڑکیاں اور بچیاں غیرمحفوظ ہیں اور مردوں کی جانب سے ظلم کرنے کے واقعات کم نہیں ہورہے، عورتوں پر ظلم کرنے والوں کی مردانگی چھین لینی چاہیے۔
معروف اداکارہ بشریٰ انصاری نے فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں وہ چند ہفتے قبل ملتان میں شوہر کے ہاتھوں قتل کی گئی خاتون اور بھارتی شہر کولکتہ میں قتل کی گئی ڈاکٹر سمیت دیگر واقعات پر گفتگو کررہی ہیں،سینئراداکارہ کا کہنا تھا کہ مردوں کو کس نے کہا ہے کہ کمزور پر ظلم کرنا مردانگی ہوتی ہے،وہ خواتین پر ظلم کو مردانگی سمجھتے ہیں،ایسے ملزموں کو سزائیں نہیں ملتیں جس کی وجہ سے خواتین پر مظالم کم نہیں ہورہے ۔
بشریٰ انصاری کامزید کہنا تھا کہ ماضی میں سیالکوٹ موٹروے سے اغوا ءکے بعد ریپ کا نشانہ بنائی گئی خاتون کے ملزم کو بھی سزا نہیں ہوئی،اسی وجہ سے تشدد اور ظلم کے واقعات بڑھ رہے ہیں، کوئی تو سیاستدان عوام کا مسیحا اور ہیرو بنے اور آگے آکر ایسے مظالم کرنے والوں کو سزائیں دلوائے۔
بشریٰ انصاری کا کہنا تھا کہ خواتین پر ظلم کرنے والے مردوں کی مردانگی کو چھینا جائے،انہیں ہر چیز سے محروم کیا جائے،خواتین پر ظلم کرنے والے مردوں کے ہاتھ اور پائوں توڑ کر انہیں زمین پر رینگنے کے لیے چھوڑ دیا جائے۔
سینئراداکارہ کی پوسٹ سے صارفین نے اتفاق کرتے ہوئے مطالبہ کیاہے کہ خواتین پر ظلم کرنےوالے مردوں کو سر عام بھیانک سزائیں دی جائیں۔