17

عدالت کا بشریٰ بی بی کو کل صبح عدالت میں پیش کرنے کا حکم

راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے 9 مئی کے واقعات میں بشریٰ بی بی کی طلبی کی درخواستیں منظور کرتے ہوئے انہیں کل صبح اڈیالہ جیل کی عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

ڈان نیوز کے مطابق 9 مئی کے 12 مقدمات میں بشریٰ بی بی کی طلبی اور جسمانی ریمانڈ کے لیے تفتیشی افسران نے درخواستیں دائر کی تھیں۔

درخواستوں کی سماعت انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ملک اعجاز اصف نے کی اور درخواستوں کو ابتدائی سماعت کے لیے منظور کر لیا۔

عدالت نے بشریٰ بی بی کو کل صبح 8 بجے اڈیالہ جیل کی عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

درخواستوں پر مزید سماعت کل صبح اڈیالہ جیل میں کی جائے گی۔

سانحہ 9 مئی کے مقدمات میں عدالت پہلے ہی بشریٰ بی بی کی ضمانت کی درخواستیں خارج کر چکی ہے اور عدالت نے تفتیشی افسران کو 7 دن میں بشریٰ بی بی سے تفتیش مکمل کرنے کا حکم دے رکھا ہے۔