11

’کنیادان‘ کے وقت اذان کی آواز سب سے خوبصورت لمحہ تھی: ظہیر اقبال

بالی وڈ اداکارہ سوناکشی سنہا کے شوہر اور  اداکار ظہیر اقبال کا کہنا ہے کہ میرے لیے  شادی کا سب سے خوبصورت لمحہ ’کنیادان‘ کے وقت اذان کی آواز تھی۔

سونا کشی اور ظہیر اقبال23  جون کو ممبئی میں اداکارہ سوناکشی کے گھر میں منعقدہ  سادہ سی تقریب میں رشتہ ازدواج میں بندھے تھے جس میں جوڑے کے عزیز  و اقارب اور دوستوں نے شرکت کی تھی۔

ان دنوں بالی وڈ کی دوستی سے پروان چڑھی یہ خوبصورت  جوڑی ازدواجی زندگی کے آغاز سے لطف اندوز ہو رہی ہیں۔

حال ہی میں ایک انٹرویو مں ظہیر اقبال نے اپنی شادی کے یادگار لمحات کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ شادی کے روز کنیادان 15 منٹ کی تاخیر سے ہوا تھا۔

تاخیر کی وجہ بتاتے ہوئے ظہیر اقبال نے بتایا کہ’کنیادان کے وقت جیسے ہی میں نے سوناکشی کا ہاتھ تھاما اور پنڈٹ نے منتر پڑھنا شروع کیے آواز آئی کہ اذان ہو رہی ہے اور پھر اس کے بعد کنیادان روک دیا گیا۔‘

  ظہیر اقبال کے مطابق ’15 منٹ کے دوران اور کنیادان کے وقت اذان کی آواز سے  مجھے ایسا محسوس ہوا جیسے قدرت بھی یہی چاہتی ہے، یہ میرے لیے شادی کا سب سے خوبصورت لمحہ تھی۔‘

خیال رہے کہ سوناکشی سنہا کے مسلمان دوست ظہیر اقبال سے شادی کے اعلان پر ہندو انتہا پسندوں نے ہنگامہ کھڑا کر دیا تھا اور سنہا خاندان میں اختلافات کی خبریں بھی سامنے آئی تھیں۔