10

بانی پی ٹی آئی کس سے مذاکرات کریں گے اور کس سے نہیں ی، اللہ بہتر جانتا ہے ، وزیر داخلہ

وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کس سے مذاکرات کریں گے اور کس سے نہیں یہ تو اللہ بہتر جانتا ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ آئی پی پیز کے حوالے سے میں نے وزیراعظم کو ساری چیزیں پہنچا دی ہیں۔ وزیراعظم نے وزارت توانائی سے ساری چیزوں پر بات کر لی ہے، ہم پوری طرح ایڈریس کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں دھرنا چل رہا ہے، یہ صوبائی سبجیکٹ بن چکا ہے ، کوئی بھی صوبہ ہو، ہم نے مدد کرنی ہے، صوبہ خود مختار ہے کہ اس نے کیا حکمت عملی دکھانی ہے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ ہم سکیورٹی کے حوالے سے پوری ذمہ داری ادا کر رہے ہیں، سیاسی طور پر کسی کو پریشانی کی ضرورت نہیں، سب چیزیں مستحکم ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پارا چنار میں زمین کے معاملے پر لڑائی شروع ہوئی، حکومت نے ہی دونوں گروپس کو میز پر بٹھایا اور مذاکرات کرائے۔