وفاقی تحقیقاتی ادارے(ایف آئی اے) کے امیگریشن ڈپارٹمنٹ نے کراچی ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے جعلی دستاویزات پر سفر کرنے والے چار مسافروں کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان ایف آئی اے نے بتایا کہ جعلی دستاویزات پر بیرون ملک جانے والے تین مسافروں کو گرفتار کیا گیا جبکہ بیرون ملک سے آنے والے ایک مسافر کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے۔
بیرون ملک جانے والے ملزمان کی شناخت محمد جاوید، عبدالجبار اور محمد اصغر کے نام سے ہوئی جو وزٹ ویزے پر مغربی افریقہ کے ملک گنی جا رہے تھے لیکن ان کے پاسپورٹ پر جعلی ویزے لگے ہوئے تھے۔
گرفتار ملزمان ملزمان کا تعلق جھنگ اور لیہ سے ہے۔
اس کے علاوہ بیرون ملک سے آنے والے ملزم دانیال احمد کو پاکستان پہنچنے پر گرفتار کر لیا گیا جہاں ملزم کے پاسپورٹ پر عراق کا جعلی ویزا لگا ہوا تھا۔
ملزم نے ایجنٹ سے دو لاکھ 50 ہزار روپے کے عوض مذکورہ ویزا حاصل کیا تھا۔
ملزمان کو گرفتار کرکے اینٹی ہیومن ٹریفیکنگ اینڈ اسمگلنگ ونگ کراچی منتقل کردیا گیا ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔