14

ڈپریشن اور انزائٹی کے شکار افراد میں ایک جان لیوا مرض کا انکشاف

ڈپریشن اور انزائٹی ایسے امراض ہیں جن سے موجودہ عہد میں ہر عمر کے افراد متاثر ہو رہے ہیں۔

ڈپریشن یا انزائٹی کے شکار افراد کو دماغی اور جسمانی دونوں طرح کے مسائل کا سامنا ہوتا ہے۔

اب انکشاف ہوا ہے کہ ڈپریشن اور انزائٹی سے خون جمنے یا بلڈ کلاٹس کا خطرہ نمایاں حد تک بڑھ جاتا ہے۔

یہ بات امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

خیال رہے کہ بلڈ کلاٹس سے فالج یا ہارٹ اٹیک جیسے جان لیوا امراض کا خطرہ بڑھتا ہے۔

میساچوسٹس جنرل ہاسپٹل کی تحقیق میں 11 لاکھ افراد کے ڈیٹا کا تجزیہ کیا گیا تاکہ انزائٹی اور ڈپریشن کے شکار افراد میں بلڈ کلاٹس کے خطرے کی جانچ پڑتال کی جاسکے۔

ان میں سے 1520 افراد کے دماغی اسکینز کیے گئے جن سے ڈپریشن اور انزائٹی سے ورم کی موجودگی کا عندیہ ملا۔

ایک لاکھ افراد کی صحت کا جائزہ 3 سال تک لیا گیا اور اس عرصے میں 1781 افراد میں بلڈ کلاٹس کے مسئلے کی تشخیص ہوئی۔

تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ انزائٹی یا ڈپریشن کے شکار افراد میں بلڈ کلاٹس کا خطرہ 50 فیصد تک بڑھ جاتا ہے۔

ایسے افراد جو ان دونوں امراض سے بیک وقت متاثر ہوتے ہیں، ان میں بلڈ کلاٹس کا خطرہ 70 فیصد تک بڑھ جاتا ہے۔

محققین نے بتایا کہ نتائج سے عندیہ ملتا ہے کہ انزائٹی اور ڈپریشن جیسے عام امراض بلڈ کلاٹس کا خطرہ بڑھانے والے عناصر ہیں۔

ان کا کہان تھا کہ اس حوالے سے مزید تحقیق کی ضرورت ہے تاکہ معلوم ہوسکے کہ دماغی امراض کے شکار افراد میں بلڈ کلاٹس کا خطرہ کیسے کم کیا جا سکتا ہے۔

اس تحقیق کے نتائج American journal of hematology میں شائع ہوئے۔