15

ذیابیطس سے لڑنیوالے فواد خان نے چینی کو انسان کا دشمن قرار دیدیا

کراچی: عالمی شہرت یافتہ پاکستانی سُپر اسٹار فواد خان نے کہا ہے کہ چینی انسانی صحت کے لیے دشمن ہے۔

گزشتہ روز فواد خان اور صنم سعید کی بھارتی ویب سیریز ‘برزخ’ ریلیز ہوئی ہے اور ان دنوں وہ اپنی سیریز کی تشہیر میں مصروف ہیں، جس کے لیے یہ دونوں اسٹارز بھارت اور پاکستان کے مختلف پلیٹ فارمز پر انٹرویوز بھی دے رہے ہیں۔

فواد خان نے اپنے حالیہ انٹرویو میں جہاں اپنی ویب سیریز ‘برزخ’ کے بارے میں بات کی تو وہیں اُنہوں نے اپنی پشہ ورانہ زندگی اور صحت سے متعلق بھی گفتگو کی۔

اداکار نے کہا کہ دُنیا بھر سمیت پاکستان میں بھی ذیابیطس کے مریضوں میں اضافہ ہوتا جارہا ہے اور ہمارے لوگوں کو علم ہی نہیں کہ اگر جسم میں شوگر کی سطح بڑھے یا کم ہو تو اس پر قابو پانے کے لیے کیا اقدام کرنے چاہیے۔

اُنہوں نے کہا کہ اب ہر 4 سال سے 8 سال کے بچوں میں ذیابیطس کی تشخیص ہو رہی ہے جو کہ ایک انتہائی تشویشناک صورتحال ہے۔

فواد خان نے مداحوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ آپ اپنی روز مرہ کی روٹین میں جو چینی کھا رہے ہیں، یہ آپ کی ضرورت نہیں بلکہ صرف ایک خواہش ہے لہٰذا اسے چھوڑا جاسکتا ہے۔

اداکار نے کہا کہ چینی منشیات کی طرح ہمارے جسم کے لیے نقصان دہ ہے، یہ ہمارے دماغ کے ساتھ کھیلتی ہے اور پھر آہستہ آہستہ ہمیں بیمار کردیتی ہے۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ میں نے اپنے تجربے سے یہی سیکھا ہے کہ چینی انسان کی سب سے بڑی دشمن ہے لہٰذا میرا مشورہ یہی ہے کہ سوچ سمجھ کو چینی کا استعمال کریں۔

واضح رہے کہ ماضی میں فواد خان نے ایک انٹرویو کے دوران انکشاف کیا تھا کہ وہ 17 سال کی عُمر سے ذیابیطس کے مریض ہیں۔