19

خیبرپختونخوا میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 8 سے 17 گھنٹے تک پہنچ گیا

 پشاور: خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور سمیت تمام دیہی اور شہری علاقوں میں بدترین لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے جہاںشہری علاقوں میں 8 سے 12  اور دیہی علاقوں میں یہ دورانیہ 12 سے 17 گھنٹوں تک پہنچ گیا ہے۔

 

پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی (پیسکو) حکام کے مطابق شہری علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ کم کرنے کی کوشش جاری ہے، البتہ دیہی علاقوں اور خاص طور پر بجلی بل ادا نہ کرنے والے علاقوں کے لوگوں پر لوڈ شیڈنگ میں کسی قسم کی کمی نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے بتایا کہ اس وقت صوبے میں بجلی کی ضرورت 1900 میگا واٹ ہے، مگر وفاق کی طرف سے صرف 1580 میگا واٹ بجلی فراہم کی جا رہی ہے، جس کی وجہ سے صوبے میں بجلی کا شارٹ فال ہے اور اس وقت صوبے کو 320  میگا واٹ کی کمی کا سامنا ہے۔

پشاور میں گزشتہ شام تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش کی وجہ سے بعض علاقوں میں بجلی کی تاریں اور کھمبے گر گئے تھے، جس کی وجہ سے شہر کے بیشتر حصوں میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ معمول سے زیادہ ریکارڈ کیا گیا۔