24

شادی کے کھانے میں گوشت نہ ہونے پر باراتیوں نے دلہن کے گھر والوں کی پٹائی کر دی

بھارت میں شادی کے کھانے میں گوشت نہ ہونے پر دلہے والوں نے دلہن کے گھروالوں کی پٹائی کر دی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق گزشتہ دنوں ریاست اتر پردیش کے ضلع دیوریا میں منعقد ہوئی ایک شادی کی تقریب میں کھانے کے مینیو میں پنیر، پلاؤ اور مختلف سبزی کے سالن تھے جبکہ مبینہ طور پر لڑکے والوں کو لاکھوں روپے جہیز میں بھی  ادا کیے گئے۔

 لیکن کھانے میں گوشت اور مچھلی نہ ہونے پر دلہا اور اس کے رشتہ دار اس قدر مشتعل ہوگئے کہ انہوں نے دلہن کے اہل خانہ پر لاتوں اور گھونسوں کی بارش کردی اور انہیں لاٹھیوں سے بھی مارا۔

واقعہ کے بعد بارات واپس چلی گئی اور شادی منسوخ ہوگئی جس کے بعد دلہن کے گھر والوں نے دلہے اور باراتیوں کے خلاف پولیس میں مارپیٹ اور جہیز کی شکایت درج کرائی۔

لڑکی  والوں کی جانب سے درج شکایت میں کہا گیا ہے کہ دلہا، اس کے والد اور دیگر باراتیوں نے کھانے میں گوشت نہ ہونے پر گالی گلوچ کی جب  اس بات پر بحث شروع ہوئی تو انہوں نے ہمیں لاٹھیوں سے مارنا شروع کر دیا اور لاتیں بھی ماریں۔ 

شکایت میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ لڑکے والوں کو تقریباً 5 لاکھ روپے جہیز کے طور پر دیے گئے ہیں۔

دوسری جانب پولیس نے واقعہ کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔