ایکس (ٹوئٹر) میں ایک نئے ڈس لائیک بٹن کا اضافہ کیا جا رہا ہے جسے ریپلائیز کی رینکنگ کے لیے استعمال کیا جاسکے گا۔
اگرچہ کمپنی کی جانب سے اس حوالے سے کوئی اعلان نہیں کیا گیا مگر مختلف رپورٹس میں ڈس لائیک بٹن کے فیچر کا عندیہ ملا ہے۔
اسے ڈاؤن ووٹ فیچر کا نام دیا گیا ہے مگر یہ ڈس لائیک بٹن سے ملتا جلتا ہوگا۔
ایکس کی آئی او ایس ایپ کے کوڈ ریفرنس میں اس بٹن کو دریافت کیا گیا۔
یہ بٹن ٹوٹے ہوئے دل جیسے آئیکون میں ہوگا اور اسے ایکس کے دل کی شکل کے لائیک بٹن کے ساتھ رکھا جائے گا۔
خیال رہے کہ 2021 میں ایکس (جب اس کا نام ٹوئٹر تھا) میں ڈاؤن ووٹنگ فیچر کی آزمائش کی گئی تھی۔
اس وقت کمپنی کی جانب سے اپ ووٹنگ اور ڈاؤن ووٹنگ دونوں کی آزمائش تمام پوسٹس پر کی گئی تھی۔
مگر اب کمپنی کی جانب سے صرف ریپلائیز میں ڈاؤن ووٹ بٹن کو متعارف کرانے پر غور کیا جا رہا ہے، تاکہ بہتر ریپلائیز زیادہ اوپر نظر آسکیں۔
اس سے صارفین کو ایسا مواد پوسٹ کرنے سے روکنے میں مدد ملے گی جو لوگوں کو مشتعل کرتا ہے۔
ایکس پر ایک صارف نے اس نئے بٹن کے بارے میں تفصیلات جاری کیں جبکہ ایک اسکرین شاٹ میں اس کی تصویر بھی پوسٹ کی۔
مگر ابھی بھی مکمل طو رپر واضح نہیں کہ اس فیچر کو ایکس کی تمام پوسٹس کا حصہ بنایا جائے گا یا صرف ریپلائیز تک محدود رکھا جائے گا۔
یہ واحد تبدیلی نہیں جس کی آزمائش ایکس میں کی جا رہی ہے، اس سے ہٹ کر کمپنی کی جانب سے پبلک لائیکس کو لوگوں کی نظروں سے چھپا دیا گیا تاکہ لوگ بلاخوف کسی بھی قسم کی پوسٹ کو لائیک کرسکیں اور لوگوں کو اس کا علم نہ ہوسکے۔