دنیا بھر میں ہر 8 میں سے ایک فرد موٹاپے کا شکار ہے۔
موٹاپے سے متعدد دائمی امراض بشمول ذیابیطس ٹائپ 2 کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
موٹاپے اور ذیابیطس سے متاثر ہونے کے حوالے سے غذائی عادات اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
مگر زیتون کے تیل کا استعمال عادت بنا کر آپ ذیابیطس ٹائپ 2 اور موٹاپے سے خود کو محفوظ رکھ سکتے ہیں۔
یہ بات امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔
ورجینیا ٹیک کے ہیومین نیوٹریشن، فوڈز اینڈ ایکسرسائز ڈیپارٹمنٹ کی اس تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ زیتون اور زیتون کے تیل میں موجود ایک قدرتی مرکب سے بلڈ شوگر کو کنٹرول میں رکھنے میں مدد ملتی ہے جبکہ جسمانی وزن میں کمی آتی ہے۔
اس تحقیق میں چوہوں پر تجربات کیے گئے تھے۔
تحقیق کے دوران زیتون اور زیتون کے تیل سے جسمانی وزن اور بلڈ شوگر کی سطح پر مرتب ہونے والے اثرات کی جانچ پڑتال کی گئی۔
تحقیق میں ایسے قدرتی مرکبات کی شناخت کرنے پر کام کیا گیا جو ایل سیلز پر اثر انداز ہوتے ہیں۔
یہ خلیات میٹابولک ہارمونز پی وائے وائے اور جی ایل پی 1 پر مبنی ہوتے ہیں جو کھانے کے دوران جسم میں خارج ہوتے ہیں۔
جب یہ ہارمونز خارج ہوتے ہیں تو یہ جسم کو کھانا روکنے کا سگنل دیتے ہیں جبکہ بلڈ شوگر کی سطح کو بھی کنٹرول کرتے ہیں۔
محققین نے دریافت کیا کہ زیتون اور زیتون کے تیل میں موجود elenolic acid ایسا قدرتی مرکب ہے جس سے معدے میں پی وائے وائے اور جی ایل پی 1 ہارمونز کا اخراج ہوتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ یہ مرکب زیتون اور اس کے تیل میں موجود ہوتا ہے اور پولی فینولز نامی مرکبات کا حصہ ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اس مرکب پر کبھی تحقیق نہیں کی گئی اور اسی لیے ہم یہ جاننا چاہتے تھے کہ اس سے صحت کو کیا فائدہ ہوتا ہے یا ذیایبطس سے بچنے میں کس حد تک مدد ملتی ہے۔
تحقیق کے دوران موٹاپے کے شکار چوہوں کو elenolic acid کی خوراک منہ کے ذریعے استعمال کرائی گئی۔
نتائج سے معلوم ہوا کہ اس قدرتی مرکب سے میٹابولک صحت میں بہتری آتی ہے۔
درحقیقت 4 سے 5 ہفتوں تک اس قدرتی مرکب کے استعمال سے ذیابیطس کے شکار موٹے چوہوں کے جسمانی وزن میں 10.7 فیصد کمی آئی۔
محققین کے مطابق یہ اس قدرتی مرکب کا صحت مند اثر ہے جبکہ اس سے مسلز کے وزن میں بھی اضافہ ہوتا ہے، جگر پر چربی کی سطح میں کمی آتی ہے جبکہ جگر کے افعال بہتر ہوتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ زیتون یا اس کے تیل کی شکل میں اسے استعمال کرنے سے ذیابیطس ٹائپ 2 اور موٹاپے سے بچنے میں مدد مل سکتی ہے۔
تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ اس قدرتی مرکب سے موٹاپے کے شکار چوہوں میں انسولین کی حساسیت اور بلڈ شوگر کی سطح میں 4 سے 5 ہفتوں کے دوران بہتری آئی۔
اب محققین یہ جاننے کی کوشش کریں گے کہ اس قدرتی مرکب سے بلڈ شوگر اور موٹاپے میں کمی کیوں آتی ہے۔
اس حوالے سے انسانوں پر بھی تحقیقی کام کیا جائے گا۔
محققین نے بتایا کہ اگر آپ زیتون یا اس کے تیل کو اپنی روزانہ کی غذا کا حصہ بنالیں تو موٹاپے اور ذیابیطس پر قابو پانے میں مدد مل سکتی ہے۔
اس تحقیق کے نتائج نیوٹریشن 2024 نامی طبی کانفرنس کے موقع پر پیش کیے گئے۔