108

ملٹی وٹامنز کے روزانہ استعمال کے متعلق اہم انکشاف

میری لینڈ: ایک نئی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ روزانہ ملٹی وٹامنز کی گولیاں کھانا نہ تو موت کے امکانات کو کم کر سکتا ہے نہ ہی صحت مند افراد کو زندگی بڑھانے میں مدد دے سکتا ہے۔

 

امریکا کے نیشنل کینسر انسٹیٹیوٹ کے محققین کی جانب سے تقریباً 4 لاکھ صحت مند افراد کے ڈیٹا کا 20 سال سے زائد عرصے تک جائزہ لیا گیا۔

تحقیق میں ملٹی وٹامنز کے مستقل استعمال اور موت کے خطرات میں کمی کے درمیان کوئی تعلق نہیں دیکھا گیا۔

جرنل جاما نیٹورک اوپن میں شائع ہونے والی تحقیق میں بتایا گیا کہ متعدد افراد مستقل بنیادوں پر ملٹی وٹامنز اس امید پر کھاتے ہیں کہ یہ عادت ان کی صحت کو بہتر کرے گی۔ تاہم، روزانہ کی بنیادوں پر ان گولیوں کے استعمال کے فوائد و نقصانات واضح نہ ہوسکے۔

اس تحقیق سے قبل کیے جانے والے مطالعوں میں گولیوں کے استعمال اور اموات کے درمیان تعلق کا ڈیٹا معائنے کے چھوٹے دورانیے کی وجہ سے محدود تھا۔

 

اس کمی کو پورا کرنے کے لیے تازہ ترین تحقیق میں 3 لاکھ 90 ہزار افراد پر مبنی تین مختلف مطالعوں سے حاصل ہونے والے ڈیٹا کا جائزہ لیا۔ ان افراد کو 20 سال تک زیرِ مطالعہ رکھا گیا تھا۔