49

حکومت نے پیپلزپارٹی کے تمام مطالبات مان لیے

اسلام آباد: حکومت نے  پیپلز  پارٹی کے تمام مطالبات تسلیم کر لیے۔ 

حکومتی ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن اور  پیپلزپارٹی کی مذاکراتی کمیٹیوں کا اجلاس آج اسلام آباد میں ہوا، پیپلزپارٹی کی جانب سے راجہ پرویز اشرف، علی حیدر گیلانی، ندیم افضل چن اور حسن مرتضیٰ مذاکراتی کمیٹی میں شامل تھے جبکہ مسلم لیگ ن کی نمائندگی اسپیکر  پنجاب اسمبلی ملک احمد خان، رانا ثنااللہ اور خواجہ سعد رفیق  سمیت دیگر رہنماؤں نے کی۔  

ذرائع کا بتانا ہے کہ حکومت نے پیپلزپارٹی کے تمام مطالبات مان لیے ہیں، ترقیاتی فنڈز اور  پنجاب میں انتظامی عہدوں پر  بھی پیپلزپارٹی کو ترجیح دی جائے گی۔ 

ذرائع کا کہنا ہے کہ مذاکرات کا تیسرا دور  وزیراعظم ہاؤس میں ہوا جب کہ پیپلزپارٹی کی مذاکراتی ٹیم کل چیئرمین بلاول بھٹو  زرداری کو مذاکرات کی تفصیلات سے آگاہ کرے گی۔

گزشتہ روز وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے جیو نیوز کے  پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ پیپلز پارٹی کے تمام مطالبات جائز تھے جنہیں تسلیم کر لیا گیا ہے۔