226

ایکس میں لائیو اسٹریمنگ فیچر ماہانہ فیس ادا کرنے والے صارفین تک محدود کرنیکا فیصلہ

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (ٹوئٹر) میں ایک اور مقبول فیچر عام صارفین کی رسائی سے دور کیا جا رہا ہے۔

جی ہاں ایکس میں لائیو اسٹریمنگ فیچر کو سبسکرپشن صارفین کے لیے محدود کیا جا رہا ہے۔

کمپنی کی جانب سے اس تبدیلی کا اعلان کیا گیا ہے مگر یہ وضاحت نہیں کی گئی کہ ایسا کیوں کیا جا رہا ہے۔

مگر ایسا اس وقت ہو رہا ہے جب گزشتہ دنوں ایک رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ سوشل میڈیا کمپنی کی آمدنی میں مسلسل کمی آرہی ہے۔

اس طرح ایکس پہلا سوشل میڈیا پلیٹ فارم بننے کے قریب ہے جس میں لائیو اسٹریمنگ فیچر کو ماہانہ فیس ادا کرنے والے صارفین کے لیے محدود کیا جا رہا ہے۔

ایلون مسک نے ایکس کو خریدنے کے بعد متعدد فیچرز سبسکرپشن ماڈل تک محدود کر دیے ہیں۔

اس سے پہلے ایکس میں اشتہارات سے پاک فیڈز، پوسٹس ایڈیٹنگ، طویل پوسٹس اور طویل ویڈیو اپ لوڈ کرنے جیسے فیچرز بھی سبسکرپشن سروس کے صارفین کو دستیاب ہیں۔

اب لائیو اسٹریمنگ کو بھی اس کا حصہ بنایا جا رہا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد کو سبسکرپشن ماڈل کی جانب لایا جا سکے۔