34

اگر آپ فلسطین کے بارے میں بات نہیں کرسکتے تو انسان ہونیکا کیا فائدہ؟ کبریٰ خان

پاکستانی اداکارہ کبریٰ خان کا کہنا ہے کہ فلسطین پر  اسرائیلی مظالم سے متعلق بات کرنے اور مظلوموں کے لیے آواز بلند کرنا انسان ہونے کی نشانی ہے، اس پر سب کو بات کرنی چاہیے۔

اداکارہ کا ایک ویڈیو پیغام وائرل ہو رہا ہے جس میں وہ کہہ رہی ہیں کہ میں یہ نہیں کہہ رہی کہ آپ فلسطین جاکر جھنڈا گاڑھیں یا وہاں جاکر لوگوں کو بچائیں، آپ چھوٹی سی چیز کر سکتے ہیں کہ اس پر  بات تو کر سکتے ہیں ، آپ اس کی مذمت تو کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ لوگوں کو پتہ ہونا چاہیے کہ فلسطین میں کیا ہو رہا ہے، 250 دن ہونے والے ہیں اور اب بھی ایسے لوگ ہیں دنیا میں جن کو کچھ نہیں پتہ کہ فلسطین میں کیا کیا ہو رہا ہے۔

کبریٰ خان نے کہا کہ اگر سب نارمل ہو جائیں گے کہ یہ تو چلتا رہتا ہے تو ہماری انسانیت کہاں گئی؟ اسی لیے ہمیں فلسطین کے بارے میں بات کرنا بند نہیں کرنی چاہیے۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ اگر ہم اس ظلم کے خلاف بات نہیں کر سکتے تو ہمارے انسان ہونے کا کیا فائدہ؟