64

عید الاضحیٰ کے بعد اسپتالوں میں ہیضے کے مریضوں میں اضافہ

عید الاضحیٰ کے بعد کراچی کے اسپتالوں میں ہیضے کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوگیا،شہری گوشت کے کھانوں میں بسیاری خوری اور بدپرہیزی کرتے ہوئے پیٹ کے امراض میں مبتلا ہورہے ہیں،طبی ماہرین نے شہریوں کو اعتدال کے ساتھ گوشت کھانے کا مشورہ دیدیا۔

تفصیلات کے مطابق عید الاضحیٰ کے تینوں آیام میں شہریوں کی جانب سے ماہرین غذائیت کی تجاویز کو نظر انداز کردیا گیا،ابھی بھی متعدد خاندانوں میں دعوتوں اور باربی کیو پارٹیز کا سلسلہ جاری ہے،شہریوں کی جانب سے گوشت کے کھانوں میں بسیاری خوری کی جارہی ہے،جس سے ان میں پیٹ کے امراض میں اضافہ ہورہا ہے۔

کراچی کے اسپتالوں میں مریض پیٹ درد اور ہدہضمی کے شکایات کے ساتھ آرہے ہیں۔جناح اسپتال کراچی کے مارننگ شیفٹ کے ای آر انچارج ڈاکٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ عید کے پہلے دن 70،دوسرے دن 55 سے 60 جبکہ عید کے تیسرے دن بھی تقریبا 60 مریض ہیضے کی علامات کے ساتھ جناح اسپتال کے ایمرجنسی میں آئے۔


سول اسپتال کے شعبہ حادثات کے سربراہ ڈاکٹر عمران سرور نے کہا کہ سول اسپتال کراچی کی ای آر میں عید کے تینوں دن 1000 سے 1200 مریض پیٹ درد ،ملتی اور دست کی شکایات کے ساتھ آئے، جن میں سے تقریبا 35 افراد کو داخل کیا گیا۔عباسی شہید اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر جاوید نے بتایا کہ عباسی شہید اسپتال میں بدہضمی ،ملتی ،پیٹ درد اور دست کے شکایات کے ساتھ عید کے تینوں طور مجموعی طور پر 600 سے زائد مریض آئے ہیں،جن میں تقربیا 20 مریضوں کو داخل کیا گیا۔

ماہرین غذائیت نے عید الاضحیٰ میں زیادہ گوشت کے استعمال کو صحت کے لیے نقصاندہ قرار دے رہے ہیں،طبی ماہرین نے شہریوں کو تجویز دی ہے کہ صحت مند فرد یومیہ زیادہ سے زیادہ 70 گرام گوشت کھائے،مگر امراض قلب،ذیابطیس،بلند فشار خون اور کولسٹرول کے مرض میں مبتلا افراد احتیاط برتتے ہوئے بیف کی کم مقدار کھائے،ایسے افراد کا مچھلی یا مٹن کھانا فائدے مند ثابت ہوگا۔شہری گوشت کے لوازمات کے ساتھ سلاد ،لیمو پانی ،سبزیاں اور پھل کا استعمال بھی رکھیں۔