47

چوری کرنے آیا شخص ایئر کنڈیشن دیکھ کر سو گیا

بھارت میں چوری کرنے آیا شخص گھر میں ایئر کنڈیشن دیکھ کر سو گیا اور خوابِ خرگوش کے مزے لینے لگا۔

بھارت میں ایک غیر معمولی واقعہ پیش آیا جہاں گھر میں چوری کی نیت سے داخل ہونے والا شخص ڈرائنگ روم میں ائیر کنڈیشن دیکھ کر وہیں لیٹ گیا اور خوابِ خرگوش کے مزے لینے لگا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست اترپردیش کے شہر لکھنؤ میں ایک غیر معمولی واقعہ پیش آیا، جہاں ایک گھر میں نشے میں دُھت چور گزشتہ روز داخل ہوا، گھر کے ڈرائنگ روم میں چور کی نظر اے سی پر پڑی، ملزم نے اے سی چلایا اور وہیں زمین پر لیٹ کر سو گیا.

گھر میں داخل ہونے کے بعد جب اس نے ڈرائنگ روم میں اے سی دیکھا تو اسے چلا کر کُشن زمین پر رکھ کر وہیں سوگیا تاہم گھر کا دروازہ کھلا ہوا دیکھ کر پڑوسیوں نے مالک مکان کو فون کرکے مطلع کیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق گھر ایک ڈاکٹر سنیل پانڈے نامی شخص کا تھا جو اہلخانہ سمیت گھر میں موجود نہیں تھے، ملزم نے گھر خالی دیکھا تو دروازہ توڑ کر اندر داخل ہو گیا، گھر سے دور ہونے کے باعث ڈاکٹر سنیل نے پولیس کو فون کرکے ان کے گھر پہنچنے کا کہا، پھر پولیس نے ان کے گھر پہنچ کر چور کو اٹھایا اور حراست میں لے لیا۔