38

ایس آئی ایف سی کی کامیابیوں نے ناقدین کا منہ بندکردیا: وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز  شریف کی زیر صدارت خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کی اپیکس کمیٹی کا دسواں اجلاس  وزیراعظم  ہاؤس میں ہوا جس میں سرمایہ کاری کے اقدامات  پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔

اجلاس میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر، نائب وزیراعظم اور  وزیر خارجہ اسحاق ڈار ، وفاقی وزیر اطلاعات، وزیر خزانہ محمد  اورنگزیب،  وزیر داخلہ محسن نقوی،  وزیر دفاع خواجہ آصف،  وزیر توانائی اویس لغاری  اور  دیگر شریک  ہوئے۔

اجلاس میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی بھی شریک ہوئے، چاروں صوبوں کے چیف سیکرٹریز  بھی اجلاس میں موجود تھے۔

اجلاس میں  وزرائے اعلیٰ نے ایس آئی ایف سی کے تحت سرمایہ کاری کے اقدامات پر اظہار اطمینان کیا۔

اجلاس کے شرکاء سےگفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ  صوبائی حکومتوں کو ایس آئی ایف سی میں ساتھ لےکر چل رہے ہیں، یو اے ای نے 10 ارب ڈالر پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے مختص کردیے ہیں، ہم نے کشکول توڑ دیا ہے اب تجارتی اور معاشی تعاون کو اہمیت دے رہے ہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دوست ممالک نے بھی ایس آئی ایف سی کے اقدامات کو سراہا ہے، عسکری قیادت نے ملک میں  غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ  غیر ملکی سرمایہ کاری کی راہ میں حائل سرخ فیتہ برداشت نہیں کیا جائےگا۔

شرکاء نے اپیکس کمیٹی کے گزشتہ اجلاسوں کے فیصلوں پر عمل درآمد پر اظہار اطمینان کیا۔