50

مائیکرو سافٹ میں اے آئی پر مبنی کاپی پیسٹ فیچر کا اضافہ

آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی میں تیزی سے پیشرفت ہو رہی ہے اور اسے متعدد شعبوں میں استعمال کیا جا رہا ہے۔

مگر کئی بار اس ٹیکنالوجی کا استعمال ان شعبوں میں بھی کیا جاتا ہے جن کے بارے میں جان کر یقین کرنا مشکل ہوتا ہے۔

جیسے روزانہ کمپیوٹرز پر استعمال ہونے والے ایک فیچر کاپی پیسٹ کو بھی مائیکرو سافٹ نے اے آئی ٹیکنالوجی سے لیس کر دیا ہے۔

جی ہاں واقعی مائیکرو سافٹ پاور ٹوائز میں اے آئی پر مبنی کاپی پیسٹ فیچر کا اضافہ کیا گیا ہے۔

ایک ایونٹ کے دوران مائیکرو سافٹ کی جانب سے متعدد اعلانات کیے گئے مگر یہ نیا فیچر ونڈوز 11 کے اسٹینڈرڈ ورژن میں دستیاب نہیں ہوگا بلکہ یہ مائیکرو سافٹ کی پاور ٹوائز ایپ کا حصہ ہوگا۔

اگر آپ کو علم نہ ہو تو جان لیں کہ پاور ٹوائز ایک ایسی آپشنل ایپ ہے جس میں متعدد ٹولز موجود ہوتے ہیں۔

اس نئے ٹول کو ایڈوانسڈ پیسٹ کا نام دیا گیا ہے جو چیٹ جی پی ٹی کی مدد سے آپ کے ٹیکسٹ کا تجزیہ کرتا ہے۔

اس ٹول کو استعمال کرنے کے لیے اوپن اے آئی اکاؤنٹ کو پاور ٹوائز سے منسلک کرنا ہوتا ہے۔

اس فیچر کو استعمال کرنے پر سمرائز ٹیکسٹ، ٹرانسلیٹ ٹیکسٹ، جنریٹ کوڈ، ٹرانسفارم ٹیکسٹ اور اسٹائلائز ٹیکسٹ جیسے آپشنز آپ کے سامنے نظر آتے ہیں۔

اگر آپ کا اوپن اے آئی اکاؤنٹ نہیں تو بھی ایڈوانسڈ پیسٹ میں آپ کے سامنے 3 آپشنز موجود ہوں گے۔

پیسٹ ایز پلین ٹیکسٹ، پیسٹ ایز مارک ڈاؤن اور پیسٹ ایز JSON نامی ان آپشنز میں اے آئی ٹیکنالوجی دستیاب نہیں ہوگی۔