97

منیب بٹ کی بھارتی اداکار منوج باجپائی سے ملاقات، اداکاری کی تعریف

پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کے اداکار منیب بٹ کی متحدہ عرب امارات میں بھارتی اداکار منوج باجپائی سے ملاقات کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے۔

منیب بٹ نے اپنے انسٹاگرام پر ایک تقریب کے دوران منوج باجپائی سے ملاقات کی ویڈیو شیئر کی۔ ملاقات دبئی کے ایک مقامی ہوٹل میں منعقد تقریب میں ہوئی جس میں منیب بٹ نے اسٹیج پر جاکر سب کے سامنے بھارتی اداکار کی تعریفیں کیں۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پہلے منیب بٹ نے اسٹیج پر جاکر منوج باجپائی کو سلام کرتے ہیں اور پھر اپنا تعارف کرواتے ہیں۔ منیب بٹ مائیک پر منوج باجپائی کی اداکاری کی تعریفیں کرتے ہوئے بتاتے ہیں کہ وہ انکی کاپی بھی کرتے ہیں۔

منیب بٹ نے بتایا کہ وہ جب بھی کسی ڈرامے میں منفرد کردار ادا کرتے ہیں تو پہلے منوج باجپائی کے کسی کردار کو دیکھتے ہیں۔ اس کے بعد ان کے اسی کردار کو کاپی کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔

انہوں نے منوج باجپائی کا شکریہ بھی ادا کیا کہ وہ منفرد کردار ادا کرکے دوسروں کی رہنمائی کرتے ہیں۔