42

میو اسپتال میں روبوٹک سرجریز شروع کروانے کیلئے محکمہ صحت کو پی سی ون ارسال

لاہور،کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی نے روبوٹک سرجریز کے لئے محکمہ صحت کو پی سی ون ارسال کردیا ہے۔

میو اسپتال میں روبوٹک سرجریزشروع کروانے کیلئے پی سی ون ارسال کیا گیا ہے،روبوٹک سرجریز کیلئے 2 ماہر سرجنز کی خدمات بھی حاصل کر لی گئیں۔

اسپتال انتظامیہ کے مطابق ڈاکٹر عثمان اسماعیل اور عمر وڑائچ کی خدمات حاصل کی گئی ہیں،روبوٹک سرجری کے لئے ٹیکنیشن بھرتی کرکے اسے گریڈ 17 کا اسکیل دے دیاگیا ہے۔

حکومت کی منظوری اور دیگر ضروریات پوری ہونے کے بعد میو اسپتال میں روبوٹک سرجری کا آغاز ہو جائے گا، اسپتال انتظامیہ کے مطابق جنرل سرجری، گائنی اور یورولوجی میں روبوٹک سرجری کا آغاز کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ دیگر سرجری کے مقابلہ میں روبوٹک سرجری مریض کے لئے کافی آسان اور بہتر نتائج والی سرجری ہے،جس سے مریض کو تکلیف کم اور جلدی ٹھیک ہونے کے آثار زیادہ ہوتے ہیں۔

2022ء میں لاہور کے ایک نجی اسپتال میں روبوٹک سرجری کا آغاز کر دیا گیا تھا، جون 2022ء میں روبوٹک سرجری سے متعلق ایک تقریب میں پروفیسر ایم آر ذکی کا کہنا تھا روبوٹک سرجری کے ذریعے ایک اچھی سرجری کی جا سکتی اورگردوں مثانے اور کینسر کے مریض میں اسے بہتر انداز میں استعمال کیا جاسکتا ہے۔

اس طریقہ علاج میں مریض آپریشن کے دوسری دن ہی گھر جا سکتا ہے روبوٹک سرجری ہر کام کے لئے نہیں ہے،ان کا کہنا تھا کہہم دنیا کے جدید ترین ممالک کے ہم پلہ ہو گئے ہیں۔

پروفیسر ایم آر ذکی کا مزید کہنا تھا کہ روبوٹک ٹیکنالوجی پاکستان کا لانے کا سہرا پروفیسر ڈاکٹر محمود ایاز کے سر ہے جواپنی محنت اور کوشش سے اس طریقہ علاج کو پاکستان لے کر آئے اور آج ہم اس سے پاکستانی مریضوں کی خدمت کرنے کے قابل ہوئے۔