37

پی ٹی آئی کے بغیر معاملات نہیں چل سکتے، علی محمد خان

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علی محمد خان نے کہا ہے کہ مذاکرات کے دروازے بند نہیں کرنے چاہئیں پی ٹی آئی کے بغیر معاملات نہیں چل سکتے۔

پی ٹی آئی رہنما علی محمد خان کا میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہنا تھا کہ سیاسی جماعتوں میں ڈائیلاگ ہوتے ہیں، مذاکرات کے دروازے بند نہیں کرنے چاہئیں۔

تحریک انصاف بڑی سیاسی جماعت ہے اور اس کے بغیر معاملات نہیں چل سکتے لہذا مسائل کا حل نکلنا چاہیے۔ علی محمد خان نے کہا کہ دیکھنا ہوتا ہے کہ مذاکرات پر حکومت کتنا سنجیدہ ہے اور مذاکرات میں دونوں فریقین اپنے اپنے نکات رکھتے ہیں۔

اگر حکومت مذاکرات کے لیے سنجیدہ ہے تو سیاسی بیانات اور میڈیا ٹاک کے بجائے نکات پیش کرے، تحریک انصاف کی کور کمیٹی اس کو دیکھے گی، کمیٹی میں اسد قیصر سمیت دیگر شامل ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بھٹو کے دور میں مذاکرات ہوئے لیکن عملدرآمد نہ ہوا تو مارشل لا لگ گیا۔ اپوزیشن تو نہیں کہے گی کہ ہم سے مذاکرات کرو، حکومت خود مذاکراتی کمیٹی کا اعلان کرے اور حکومت کی مذاکرات کی آفر کو رد نہیں کرنا چاہیے۔

حکومت کی جو بھی تجاویزہوں گی وہ بانی تحریک انصاف کے پاس لے کر جائیں گے، علی محمد خان نے یہ بھی کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے کوئی چور دروازہ نہیں ڈھونڈا، وہ اپنے موقف پر کھڑے ہیں اور میں سمجھتا ہوں بانی تحریک انصاف کا مزید ایک بھی دن جیل میں کیوں گزرے۔