اسکرپٹ رائٹر، ہدایتکار و شاعر خلیل الرحمان قمر نے لوگوں کو جہیز کی لعنت کے خاتمہ کیلئے ارینج کی جگہ لو میرج کرنے کا مشورہ دیدیا۔
خلیل الرحمان قمر نے اپنے ایک انٹرویو میں محبت کی شادیوں کے بارے میں بات کی اور محبت کی شادیوں کی پرزور حمایت کرنے کی وجہ بھی بتا دی۔
ان کا کہنا تھا کہ میں محبت کی شادیوں کو ترجیح دیتا ہوں کیونکہ یہ ہمارے معاشرے میں پھیلی ہوئی جہیز کی لعنت کو ختم کر دیں گی اور محبت کی شادیوں کے ذریعے ہی ہم اس لعنت سے نجات پا سکتے ہیں۔
اسکرپٹ رائٹر کا کہنا تھا کہ جب دو دوست شادی کرتے ہیں تو وہ ایک دوسرے کا احترام کرتے ہیں، زندگی میں توقعات کے بغیر کوئی رشتہ نہیں ہوتا۔
جب آپ اپنے شریک حیات سے جہیز کا مطالبہ نہیں کریں گے تو آپ اسے جیت جائیں گے، وہ ہمیشہ آپ کا خیال رکھے گی کہ آپ نے اس کے والدین کو بہت سے مسائل اور تناؤ سے بچایا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ گھر خواتین کے لیے بنائے گئے ہیں، مرد گھر میں وقت نہیں گزارتے، صرف ایک اچھی عورت ہی گھر بناتی ہے۔