37

مریم نواز نے خیبر پختونخوا کے ایک اور منصوبے کی کاپی کر لی ، بیرسٹر سیف

خیبر پختونخوا حکومت کے مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ مریم نواز نے خیبر پختونخوا کے ایک اور منصوبے کی کامیابی سے کاپی کر لی۔ مریم نواز خیبر پختونخوا کی طرح صحت کارڈ بھی کاپی کرکے دکھائیں۔

ایک بیان میں بیرسٹر سیف نے کہا کہ مریم نواز نے حاملہ خواتین کو اسپتال پہنچانے کے لئے ایمبولینس سروس شروع کی، یہ سروس گزشتہ کئی سالوں سے خیبر پختونخوا میں کامیابی کے ساتھ جاری ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ ریسکیو 1122 کو یہ ذمہ داریاں تفویض کی گئی ہیں، جس کے دورس نتائج سامنے آ رہے ہیں، ڈیلیوری کے اسپیشل کٹ سے لیس ایمبولینس پیشہ ورانہ ذمہ داریاں نبھا رہی ہے، صرف ایک کال پر حاملہ خواتین کو منٹوں میں اسپتال پہنچایا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ خوشی ہے کہ پنجاب حکومت خیبر پختونخوا کے طرز پر چل کر عوام کو ریلیف فراہم کر رہی ہے، اس نیک مقصد کیلیے خیبر پختونخوا حکومت کنسلٹنسی سمیت دیگر تعاون کیلیے تیار ہے۔