انڈیا کے معروف کامیڈین کپل شرما کی اپنے شو ’دا گریٹ انڈین کپل شو‘ کے معاوضے کی مبینہ تفصیلات سامنے آئی ہیں۔
کپل شرما نجی انڈین ٹیلی ویژن کے بعد اب بین الاقوامی سٹریمنگ پلیٹ فارم نیٹ فلکس پر اپنا شو کر رہے ہیں اور ان کی ٹیم میں ارچنا پورن سنگھ، سنیل گروور، کرشنا ابھیشیک، کیکو شاردا اور راجیو ٹھاکر شامل ہیں۔
’زی ہندوستان‘ اور ’ڈی این اے‘ کی رپورٹ کے مطابق کپل شرما نے ’دا گریٹ انڈین کپل شو‘ کی پہلی پانچ اقساط کے لیے 26 کروڑ انڈین روپے کا معاوضہ وصول کیا ہے، جو فی قسط 5 کروڑ سے زائد بنتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق چھ سال بعد شو کا حصہ بننے والے سنیل گروور فی قسط 25 لاکھ روپے معاوضہ وصول کر رہے ہیں جبکہ کرشنا ابھیشیک کو فی قسط 10 لاکھ، کیکو شاردا 7 لاکھ اور راجیو ٹھاکر کو 6 لاکھ روپے معاوضہ مل رہا ہے۔
دوسری جانب شو میں سامعین کے درمیان بیٹھ کر جج کا کردار ادا کرنے والی ارچنا پورن سنگھ فی قسط 10 لاکھ روپے وصول کر رہی ہیں۔
نیٹ فلکس پر ’دا گریٹ انڈین کپل شو‘ کی اب تک چھ اقساط آچکی ہیں جن میں بالی ووڈ سٹارز رنبیر کپور، نیتو کپور، امتیاز علی، دلجیت دوسانجھ، پرینیتی چوپڑا، عامر خان، سنی دیول، بابی دیول اور انڈین کرکٹرز روہت شرما اور شریس ایر بطورِ مہمان آچکے ہیں۔
اس سے قبل کپل شرما ’کامیڈی نائٹس ود کپل‘ اور ’دا کپ شرما شو‘ کے نام سے نجی ٹیلی ویژن پر شوز کیا کرتے تھے اور ان کے مداحوں کو نئے سیزن میں سنیل گرور کی واپسی کا انتظار تھا۔
واضح رہے سنیل گرور کا چھ سال قبل کپل شرما سے دوران فلائٹ جھگڑا ہوا تھا جس کے بعد سنیل شو چھوڑ کر چلے گئے تھے۔