پاکستانی نژاد کینیڈین یوٹیوبر شام ادریس کا کہنا ہے کہ آج یوٹیوبر اور وی لاگر سعد الرحمٰن عرف ڈکی بھائی کے ساتھ جو کچھ ہو رہا ہے وہ مکافاتِ عمل کا نتیجہ ہے۔
خیال رہے کہ گزشتی دنوں یوٹیوبر اور وی لاگر سعد الرحمٰن عرف ڈکی بھائی نے اپنی اہلیہ کے ہمراہ ایک ویڈیو پیغام جاری کیا تھا۔
ڈکی بھائی نے مذکورہ ویڈیو پیغام میں اپنی اہلیہ عروب جتوئی کی نازیبا ویڈیو کو ڈیپ فیک قرار دیتے ہوئے، جعلی ویڈیو بنانے والے کی معلومات فراہم کرنے والے کے لیے 10 لاکھ روپے کے انعام کا اعلان کیا تھا۔
تاہم اب اس حوالے سے یوٹیوبر شام ادریس نے اپنا ردِعمل ظاہر کرتے ہوئے عروب جتوئی کے ساتھ جو کچھ ہوا اس پر اظہارِ افسوس کیا اور کہا کہ بے شک اللّٰہ بہترین انصاف کرنے والا ہے۔
شام ادریس نے ڈکی بھائی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں آپ نے محض چند لائکس کے لیے میری اہلیہ کے حجاب اور ان کی جسامت کا مذاق اُڑایا اور طرح طرح کی میمز بنائیں جس کے سبب میری اہلیہ بھی اسی کرب سے گزریں جس سے آج عروب جتوئی گزر رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں جب میں شہرت کی بلندیوں پر تھا تب آپ کی اُن میمز کی وجہ سے ہماری نجی زندگی بہت متاثر ہوئی تھی اور ایک وقت ایسا بھی آیا تھا جب میں نے خودکشی کرنے کے بارے میں سوچا لیکن پھر میں نے سب اللّٰہ پر چھوڑ دیا تھا۔
پاکستانی نژاد کینیڈین یوٹیوبر نے کہا کہ اس ویڈیو کو بنانے کا مقصد یہ نہیں ہے بلکہ آج وقت بدل گیا ہے، آج ڈکی بھائی شہرت کی بلندیوں پر ہیں جس پر میں نے خود انہیں مبارک باد پیش کی، لیکن ویڈیو کا مقصد یہ ہے کہ ہمیشہ یاد رکھیں کہ اللّٰہ بہترین انصاف کرنے والا ہے جو آج آپ دوسروں کے ساتھ کریں گے کل کو وہی آپ کے ساتھ ہو گا۔
انہوں نے کہا کل جو چیز میری اہلیہ کے لیے غلط تھی آج وہی چیز ڈکی بھائی کی اہلیہ کے لیے بھی غلط ہے۔
شام ادریس نے تمام اختلافات بھلا کر سوشل میڈیا صارفین سے درخواست کی کہ ایسی صورتِ حال میں کسی کا مذاق نہیں اُڑائیں، میں گزر چکا ہو ان سب سے اور جانتا ہوں کہ ایسی صورتِحال میں کیسا محسوس ہوتا ہے، آپ کو اندازہ نہیں ہے کہ کون کس مشکل سے گزر رہا ہے، اس لیے کسی کی زندگی کو مزید مشکل نہ بنائیں۔
یاد رہے کہ 2017ء میں یوٹیوبر شام ادریس اور ڈکی بھائی کے درمیان تنازع اس وقت کھڑا ہو گیا تھا جب ڈکی بھائی اتنے معروف نہیں تھے جتنے آج ہیں۔
ڈکی بھائی نے شام ادریس کی اہلیہ سحر المعروف فروگی کے خلاف کئی ویڈیوز بنائیں اور انہیں سوشل میڈیا پر بھی خوب ٹرول کیا، اس کی وجہ سے ایک عوامی اجتماع کے دوران عوام نے فروگی پر حملہ کر دیا تھا جس کے نتیجے میں فروگی زخمی ہو گئی تھیں۔