315

اب تھریڈز پر پوسٹس کرنے والے صارفین ہزاروں ڈالرز کما سکیں گے

اگر آپ میٹا کی نئی ایپ تھریڈز میں کافی سرگرم ہیں تو اچھی خبر یہ ہے کہ بہت جلد اس سوشل میڈیا نیٹ ورک سے کمانے کا موقع بھی مل سکے گا۔

میٹا کی جانب سے کچھ صارفین کو تھریڈز پر وائرل ہونے پر ہزاروں ڈالرز کمانے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔

صارفین کو میٹا کے ایک نئے انویٹیشن اونلی بونس پروگرام کےذریعے کمانے کا موقع ملے گا۔

کمپنی کی جانب سے ابھی تک اس پروگرام کا باضابطہ اعلان نہیں کیا مگر انسٹا گرام کے ایک سپورٹ پیج میں اس بونس پروگرام کے بارے میں کچھ تفصیلات بتائی گئی ہیں۔

 

ان تفصیلات کے مطابق صارفین کو تھریڈز پوسٹس کی کارکردگی یا پوسٹس کی تعداد پر پیسے کمانے کا موقع ملے گا۔

کمپنی کا کہنا تھا کہ ہر فرد کے لیے بونس پروگرام میں ملنے والی رقم مختلف ہوسکتی ہے۔

یہ پروگرام ابھی چھوٹے پیمانے پر ہے اور کمپنی نے خود بھی اسے آزمائشی قرار دیا ہے، مگر اس سے عندیہ ملتا ہے کہ میٹا کی جانب سے اس سروس میں لوگوں کی تعداد کو بڑھانے کے لیے یہ پروگرام متعارف کرایا گیا۔

میٹا کی جانب سے ماضی میں فیس بک اور انسٹا گرام پر ریلز ویڈیوز پوسٹ کرنے والوں کو بھی اس طرح کا بونس دینے کا اعلان کیا گیا تھا۔

مگر یہ پہلی بار ہے جب تھریڈز پر سادہ پوسٹس سے بھی پیسے کمانا ممکن ہو جائے گا۔

درحقیقت اس پروگرام کے تحت کچھ صارفین کو ان کی وائرل پوسٹس پر ہزاروں ڈالرز کی پیشکش کی جا چکی ہے۔

تھریڈز میں نظر آنے والے ایک اسکرین شاٹ کے مطابق ایک صارف کو تھریڈز پوسٹس پر 10 ہزار یا اس سے زائد ویوز پر 5 ہزار ڈالرز کی پیشکش کی گئی۔

صرف میٹا کی جانب سے ہی اس طرح کے پروگرامز کے ذریعے صارفین کو اپنی جانب کھینچا نہیں جا رہا ہے۔

تھریڈز کی مخالف سروس ایکس (ٹوئٹر) پر بھی صارفین کو ان کی پوسٹس کی کارکردگی بنیاد پر براہ راست معاوضہ دیا جا رہا ہے۔

مگر صارفین پریمیئم سبسکرپشن پروگرام کا حصہ بن کر ہی یہ معاوضہ حاصل کر سکتے ہیں۔

خیال رہے کہ جولائی 2023 میں متعارف کرائے جانے والی میٹا کی اس سروس کے ماہانہ صارفین کی تعداد 15 کروڑ سے زائد ہوچکی ہے۔