سیڑھیاں چڑھنے کی عادت جلد موت کا خطرہ نمایاں حد تک کم کر دیتی ہے۔
یہ بات برطانیہ میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔
ایسٹ اینجلا یونیورسٹی اور Norfolk یونیورسٹی کی مشترکہ تحقیق میں بتایا گیا کہ مختصر وقت کے لیے جسمانی سرگرمیوں سے لمبی عمر کے حصول اور دل کی صحت کو بہتر بنانے میں مدد ملتی ہے۔
اس تحقیق میں 35 سے 80 سال کی عمر کے 5 لاکھ کے قریب بالغ افراد پر ہونے والی 9 تحقیقی رپورٹس کے ڈیٹا کی جانچ پڑتال کی گئی تھی۔
صحت مند افراد کے ساتھ ساتھ امراض قلب کے شکار افراد بھی اس تجزیے میں شامل تھے۔
نتائج سے معلوم ہوا کہ سیڑھیاں چڑھنے کی عادت سے امراض قلب سے موت کا خطرہ 39 فیصد تک کم ہو جاتا ہے۔
اسی طرح کسی بھی وجہ سے موت کا خطرہ بھی 24 فیصد تک گھٹ جاتا ہے۔
اس سے قبل بھی شواہد سے عندیہ ملا تھا کہ ورزش کو معمول بنانے سے امراض قلب اور جلد موت کا خطرہ کم ہو جاتا ہے۔
محققین نے بتایا کہ اگر آپ کو سیڑھیاں چڑھنے یا لفٹ پر سفر کرنے میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا ہو، تو سیڑھیوں کو ترجیح دیں کیونکہ اس سے دل کی صحت بہتر ہوتی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ مختصر وقت کے لیے جسمانی سرگرمیوں سے بھی دل کو فائدہ ہوتا ہے اور سیڑھیاں چڑھنے کے معمول کو روزمرہ کی سرگرمیوں کا حصہ بنانا بھی آسان ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس عادت سے قبل از وقت کے خطرے میں کمی کے ساتھ ساتھ ہارٹ اٹیک، ہارٹ فیلیئر اور فالج جیسے امراض سے بھی تحفظ ملتا ہے۔
محققین کے مطابق نتائج سے عندیہ ملتا ہے کہ آپ جتنی زیادہ سیڑھیاں چڑھیں گے، صحت کو اتنا زیادہ فائدہ ہوگا۔
اس تحقیق کے نتائج یورپین سوسائٹی آف کارڈیالوجی کانفرنس کے موقع پر پیش کیے گئے۔
اس سے قبل اکتوبر 2023 میں امریکا کی Tulane یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا تھا کہ روزانہ محض 5 منزلیں سیڑھیاں چڑھنے سے دل کی شریانوں سے جڑے امراض کا خطرہ 20 فیصد تک کم ہو جاتا ہے۔
اس تحقیق میں ساڑھے 4 لاکھ افراد کے ڈیٹا کی جانچ پڑتال کی گئی۔
ان افراد میں خاندانی تاریخ اور دیگر جینیاتی عناصر کے باعث امراض قلب کا خطرہ زیادہ خیال کیا جا رہا تھا۔
اس کے بعد ان افراد کے طرز زندگی اور سیڑھیاں چڑھنے کی عادت کا تجزیہ کیا گیا۔
ان افراد کی صحت کا جائزہ ساڑھے 12 سال تک لیا گیا۔
نتائج سے معلوم ہوا کہ روزانہ زیادہ سیڑھیاں چڑھنے سے امراض قلب کا خطرہ کم ہو جاتا ہے۔
محققین نے کہا کہ جن افراد میں امراض قلب سے متاثر ہونے کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے، وہ سیڑھیاں چڑھنے کی عادت سے اسے نمایاں حد تک کم کر سکتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ سیڑھیاں چڑھنے کے لیے کسی قسم کے خرچے کی ضرورت نہیں اور روزمرہ کے معمولات میں اسے عادت بنانا بھی آسان ہوتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ دل اور پھیپھڑوں کی صحت کو بہتر بنانے کا مؤثر طریقہ ہے، خاص طور پر ایسے افراد کے لیے جو ورزش کرنے کے عادی نہیں ہوتے۔
اس تحقیق کے نتائج جرنل Atherosclerosis میں شائع ہوئے۔