209

مِس پاکستان بننے کیلئے کن شرائط پر پورا اترنا ہوگا؟

پاکستان میں برسوں سے ملکی خواتین کی خوبصورتی کو سراہنے کیلئے ”مِس پاکستان“ مقابلوں کا انعقاد کیا جارہا ہے، جن میں کئی پاکستانی حسینائیں حصہ لیتی ہیں اور پھر عالمی مقابلوں میں جلوہ گر ہوکر ملک کا نام روشن کرتی ہیں۔

یہ پلیٹ فارم نہ صرف خوبصورتی بلکہ ثقافتی بیداری، انسان دوستی اور خواتین کو بااختیار بنانے کو بھی فروغ دیتا ہے۔

اگر آپ بھی اس مقابلے میں حصہ لینا چاہتی ہیں اور ”بیوٹی کوئین“ بننے کی خواہشمند ہیں تو اسپاٹ لائٹ میں قدم رکھنے کیلئے کچھ شرائط پوری کرنی ہوں گی اور کچھ اصولوں پر پورا اترنا ہوگا۔

درج ذیل یہ اصول تینوں ٹائٹلز مس پاکستان ورلڈ، مس ٹرانس پاکستان، اور مس پاکستان پر لاگو ہوتے ہیں۔

سب سے پہلے تو آپ کو مس پاکستان کی آفیشل ویب سائٹ کے ذریعے درخواست جمع کرانی ہوگی۔

قواعد و ضوابط کے مطابق مس پاکستان ورلڈ کے لیے درخواست دہندگان کا سنگل یعنی غیر شادی شدہ ہونا لازم ہے، طلاق یافتہ، شادی شدہ یا پھر بچوں والی خواتین درخواست جمع نہیں کرواسکتیں۔ مس پاکستان اور مس ٹرانس پاکستان کے امیدواروں کے لیے بھی سنگل ہونا شرط ہے۔

مس پاکستان ورلڈ کے لیے عمر کی شرط 18 سے 26 سال کے درمیان ہے۔ مس پاکستان کے لیے 26 سال سے زیادہ عمر کے درخواست دہندگان پر غور کیا جائے گا جبکہ مس ٹرانس پاکستان کے امیدواروں کی عمریں 18 سے 45 سال تک ہوسکتی ہیں۔

مس پاکستان مقابلے کیلئے منتخب ہونے والوں کو فیس ادا کرنا ہوگی جوکہ 699 ڈالر ہے اور ناقبل واپسی ہے، اس کے ساتھ قابل اطلاق ٹیکس تین دنوں کے اندر ادا کرنا لازمی ہے، اس کے بعد پیشہ ورانہ تصاویر جمع کروانا لازمی ہے۔ جمع کرائی گئی تمام تصاویر مس پاکستان ورلڈ کی ملکیت بن جائیں گی۔ نامناسب تصاویر کو قبول نہیں کیا جائے گا اور درخواست پر بھی مزید غور نہیں کیا جائے گا۔

امیدواروں کے پاس پاکستانی شہریت یا پاکستان سے وابستگی ہونا ضروری ہے، جبکہ دنیا کے کسی بھی حصے میں رہائش قابل قبول ہے۔ امیدواروں کا مجرمانہ ریکارڈ نہیں ہونا چاہیے۔

کامیاب امیدواروں کو فراہم کردہ شیڈول پر عمل کرنا ہوگا اور پورے پروگرام میں نظم و ضبط اور مستعد انداز میں شرکت لازمی ہے۔

غلط یا گمراہ کن معلومات جمع کرانے کے نتیجے میں نااہلی کا ذمہ دار امیدوار خود ہوگا۔

تو اگر آپ حصہ لینا چاہتی ہیں تو اپنی درخواستیں جمع کروائیں، اور کون جانتا ہے، آپ شاید اگلی مس پاکستان ورلڈ بنیں، جو اپنی ذہانت اور جذبے سے لاتعداد لوگوں کو متاثر کرے۔