41

وزیراعظم کل تین روزہ دورے پر سعودی عرب جائیں گے

وزیراعظم شہباز شریف کل تین روزہ دورے پر سعودی عرب جائیں گے یہ وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد ان کا پہلا غیر ملکی دورہ ہوگا۔

ترجمان دفتار خارجہ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف 6 سے 8 اپریل تک سعودی عرب کا دورہ کریں گے جو ان کے دوسری بار وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد پہلا غیر ملکی دورہ ہوگا۔ اس دورے میں وزیراعظم کے ساتھ وزیر خارجہ اور وزیر دفاع بھی ہوں گے۔

وزیراعظم اپنے دورے کے دوران عمرہ ادا کریں گے اور مسجد نبوی ﷺ میں نماز ادا کریں گے۔ ان کی ولی عہد اور وزیراعظم سعودی عرب محمد بن سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات بھی متوقع ہے۔

وزیراعظم کے دورے کے دوران باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا اور ملاقات میں دونوں رہنما علاقائی اور عالمی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں اور اس تعلقات کی جڑیں مذہبی اور ثقافتی وابستگی پر ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستان کےعوام حرمین شریفین کے متولی شاہ سلمان بن عبدالعزیز السعود کیلیے احترام رکھتے ہیں۔ دونوں ممالک کی قیادت برادرانہ تعلقات آگے بڑھانے اور اقتصادی تعلقات کو باہمی طور پر فائدہ مند بنانے کیلیے پُرعزم ہے۔