میری لینڈ: ایک تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ سیگریٹ نوشی نہ کرنے کے باوجود ویپنگ کرنے والے افراد قلبی صحت کے مسائل میں مبتلا ہو سکتے ہیں۔
امریکا میں کیے جانے والے ایک مطالعے میں تقریباً 1 لاکھ 76 ہزار امریکی شہریوں کے ڈیٹا کا جائزہ لیا گیا۔
جائزے میں ویپنگ کرنے والوں کے، ویپنگ نہ کرنے والوں کے مقابلے میں ہارٹ فیلیئر کے امکانات 19 فی صد زیادہ ہونے کا انکشاف ہوا۔
امریکی ریاست میری لینڈ کے شہر بالٹی مور میں قائم میڈ اسٹار ہیلتھ سے تعلق رکھنے والے تحقیق کے مصنف ڈاکٹر یعقوبو بن الحسن کے مطابق ماہرین کو ابھی تک یہ بات سمجھ نہیں آئی ہے کہ ویپنگ دل کو سخت کیوں کرتی دیتی ہے۔
نِیکوٹین دل کی دھڑکن اور بلڈ پریشر میں اضافہ کرتی ہے اور یہ کیفیت وقت کے ساتھ رگوں اور شریانوں کو نقصان پہنچاتی ہے۔
تحقیق میں شامل1 لاکھ 75 ہزار 667 افراد میں سے 3242 افراد ہارٹ فیلیئر کی کیفیت میں مبتلا ہوئے اور ان مریضوں کا 19 فی صد حصہ ای سیگریٹ استعمال کرتا ہوا پایا گیا۔
ڈاکٹر یعقوبو کا کہنا تھا کہ ایسے مطالعوں کی تعداد بڑھتی جارہی ہے جس میں ای سیگریٹ کا تعلق نقصان دہ اثرات سے جوڑا جا رہا ہو اور تحقیق کے نتائج بتا رہے ہیں کہ یہ اتنی محفوظ نہیں جتنا اس کو سمجھا جاتا تھا۔