48

سپریم کورٹ اور لاہور ہائیکورٹ کے ججز کو بھی دھمکی آمیز خطوط موصول

اسلام آباد / لاہور: سپریم کورٹ اور لاہور ہائیکورٹ کے ججز بھی دھمکی آمیز خطوط موصول ہوگئے۔

ڈی آئی جی آپریشنز شہزاد بخاری نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں میڈیا کو بتایا ہے کہ سپریم کورٹ کے چار ججز کو بھی اسی طرح کے خطوط ملے ہیں۔

لاہور ہائیکورٹ کے 3 ججز کو دھمکی آمیز خطوط موصول ہوئے ہیں۔ یہ خطوط سینئر ترین جج جسٹس شجاعت علی خان، جسٹس شاہد بلال حسن اور جسٹس عالیہ نیلم کے نام بھجوائے گئے ہیں۔

اطلاع ملتے ہی سی ٹی ڈی ٹیم اور ڈی آئی جی آپریشن ناصر رضوی سمیت پولیس افسران لاہور ہائیکورٹ پہنچ گئے اور عدالت کی سکیورٹی مزید سخت کردی گئی۔

ذرائع کے مطابق خط ایک نجی کوریئر کمپنی کا ملازم ہائیکورٹ لے کر آیا تھا جو اس نے ججز کے اسٹاف ریسیو کروایا۔

ذرائع کے مطابق کوریئر کمپنی کے ملازم کو گرفتار کر لیا گیا اور اس سے تفتیش کی جارہی ہے۔