152

واٹس ایپ میں اے آئی ٹیکنالوجی پر مبنی متعدد فیچرز کا اضافہ

واٹس ایپ میں جلد صارفین آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی پر مبنی چند نئے فیچرز استعمال کر سکیں گے۔

یہ نئے فیچرز میٹا اے آئی پر مبنی ہوں گے جن کا عندیہ واٹس ایپ کے مختلف بیٹا (beta) ورژنز سے ملا ہے۔

WABetaInfo کی رپورٹ کے مطابق میٹا کی جانب سے واٹس ایپ کے اینڈرائیڈ بیٹا ورژن میں ایک نئے اے آئی شارٹ کٹ کا اضافہ کیا گیا ہے۔

یہ اے آئی شارٹ کٹ واٹس ایپ کے اوپر موجود ہوگا جسے صارفین مختلف سوالات کے جواب جاننے اور مختلف موضوعات کی تفصیلات جاننے کے لیے استعمال کر سکیں گے۔

اسی طرح میٹا کی جانب سے اے آئی ٹیکنالوجی پر مبنی فوٹو ایڈیٹر کی آزمائش بھی واٹس ایپ میں کی جا رہی ہے۔

اس فوٹو ایڈیٹر سے صارفین تصاویر کے بیک گراؤنڈ کو تبدیل کر سکیں گے۔

اس کے ساتھ ساتھ تصاویر کو ری اسٹائل اور ایکسپینڈ کرنے کی سہولت بھی صارفین کو دستیاب ہوگی۔

واٹس ایپ کی جانب سے ایپ کے اندر اسٹیکرز اور فوٹوز تیار کرنے کے فیچر کی بھی آزمائش کی جا رہی ہے۔

واٹس ایپ کی جانب سے صارفین کو چیٹٖ ونڈو کے اندر ہی اے آئی چیٹ بوٹ تک رسائی دینے کے فیچر پر بھی کام کیا جا رہا ہے۔

یہ اے آئی چیٹ بوٹ مختلف سوالات کے جواب دینے میں صارفین کی معاونت کرے گا۔

ان سب اے آئی فیچرز پر ابھی کام جاری ہے تو یہ کہنا مشکل ہے کہ انہیں کب تک صارفین استعمال کر سکیں گے۔

مگر میٹا کی جانب سے اے آئی ٹیکنالوجی پر جتنی تیزی سے کام کیا جا رہا ہے، اسے دیکھتے ہوئے امکان ہے کہ انہیں جلد متعارف کرا دیا جائے گا۔