51

منہ کی صفائی کا خیال کیسے رکھا جائے؟

منہ کی صفائی کا خیال مجموعی طور پر تندرستی کیلئے نہایت ضروری ہے اور اس کا اثر آپ کی شخصیت اور آپ کے ارد گرد کے لوگوں پر بھی پڑتا ہے۔

دانتوں کی خرابی، مسوڑھوں کی بیماریوں اور سانس کی بدبو  یہ وہ عام سے مسائل ہیں کہ اگر ان پر توجہ نہ دی جائے تو آپ کو سنگین نتائج سے بھی دوچار ہونا پڑسکتا ہے جن پر فوری توجہ کی ضرورت ہوتی ہے۔

آج ہم آپ کو چند ایسے ٹوٹکے بتاتے ہیں جن سے آپ منہ کی صفائی کا خیال رکھ سکتے ہیں۔

دانتوں کی صفائی

دانتوں میں کیڑا لگنے اور خراب ہونے سے بچانے کیلئے ضروری ہے کہ دن میں دو بار دانتوں کو صاف کیا جائے تاکہ دانتوں کی رنگت اور اس کی چمک بھی خراب نہ ہو۔

زبان کی صفائی

دانتوں کو صاف رکھنا جتنا ضروری ہے، زبان کی صفائی کا خیال رکھنا بھی اتنا ہی اہم ہے جو زیادہ تر لوگ نہیں رکھتے۔

دانت صاف کرنے والے برش کی مدد سے زبان کی صفائی کا خیال رکھا جائے تاکہ زبان پر موجود بیکٹریا کی صفائی ہوجائے۔

زیادہ پانی کا استعمال

زیادہ پانی پینے سے پورے منہ کی صفائی ہو جاتی ہے جس سے منہ کا ذائقہ بھی خراب نہیں ہوتا اور دانتوں کی بہت سی بیماریوں سے بھی بچا جاسکتا ہے۔

سگریٹ نوشی اور تمباکو سے پرہیز

 تمباکو نوشی اور تمباکو کھانے سے نہ صرف دانتوں پر داغ پڑتے ہیں اور سانس میں بدبو آتی ہے بلکہ مسوڑھوں کی بیماری، دانتوں کے گرنے اور منہ کے کینسر کا خطرہ بھی بڑھ جاتا ہے، اس کے علاوہ یہ دانتوں کی ساخت کو بھی متاثر کرتا ہے جس سے دانتوں میں حساسیت اور بعد میں درد ہوتا ہے۔

صحت مند غذا

آج کل مسوڑھوں کی بیماری اور دانتوں میں کیڑا لگنا بہت عام ہوگیا ہے جس کا شکار ہر عمر کے افراد ہورہے ہیں اس کیلئے ضروری ہے کہ ایسی غذا کا استعمال کیا جائے جو آپ کے منہ کی صحت کا خیال رکھیں۔

ان غذاؤں میں پھل ، سبزیاں اور ایسی غذائیں جن سے وٹامن سی اور کیلشیئم حاصل کیا جاسکے، اس کے ساتھ ہی زیادہ میٹھا، کولڈرنک اور تیز مرچ مصالحے والے کھانوں سے پرہیز کرنا چاہیے۔