55

سپریم کورٹ: فوجی عدالتوں کیخلاف انٹرا کورٹ اپیلیں سماعت کیلئے مقرر

سپریم کورٹ نے فوجی عدالتوں کے خلاف انٹرا کورٹ اپیلیں سماعت کے لیے مقرر کردیں جبکہ 25 مارچ کو سماعت ہوگی۔

فوجی عدالتوں سے متعلق معاملے کی ایک بار پھر سپریم کورٹ میں سماعت ہوگی، عدالت عظمیٰ میں فوجی عدالتوں کے خلاف انٹرا کورٹ اپیلیں 25 مارچ کو سنی جائیں گی۔

چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے نیا 6 رکنی بینچ تشکیل دے دیا، جسٹس امین الدین خان 6 رکنی بینچ کی سربراہی کریں گے۔

بینچ میں جسٹس محمد علی مظہر، جسٹس حسن اظہررضوی اور جسٹس شاہد وحید شامل ہیں، اس کے علاوہ جسٹس مسرت ہلالی اور جسٹس عرفان سعادت خان بھی بینچ کا حصہ ہیں۔

واضح رہے کہ حکومت نے 9 مئی کے واقعات کے بعد فوجی تنصیبات کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف مقدمات ملٹری کورٹ میں چلانے کا فیصلہ کیا تھا اور متعدد افراد کے مقدمات فوجی عدالت میں بھجوائے جا چکے ہیں۔

اس فیصلے سے قبل آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی سربراہی میں ہونے والی فارمیشن کمانڈرز کانفرنس کے دوران اس عزم کا اظہارکیا گیا تھا کہ نو مئی کے واقعات میں ملوث افراد اوران کے سہولت کاروں اورماسٹرمائنڈز کو کٹہرے میں لایا جائے گا۔
درخواست گزار کون ہیں؟

فوجی عدالتوں میں سویلین مقدمات کیخلاف درخواستیں سابق چیف جسٹس جواد ایس خواجہ، سینیئر وکیل اعتزاز احسن، کرامت علی اور چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے دائر کر رکھی ہیں۔