75

چند دن روزانہ 3 کھجوریں کھانے کے حیران کن فائدے

کھجور کو تو متعدد افراد کھاتے ہیں مگر کیا آپ کو معلوم ہے کہ یہ کسی سپر فوڈ سے کم نہیں۔

جی ہاں اس پھل کو کھانے کے فوائد دنگ کر دینے والے ہیں۔

درحقیقت اس میٹھے پھل کو محض چند دن مخصوص مقدار میں کھانے سے جسم میں ایسی تبدیلیاں آتی ہیں جن کے بارے میں جان کر آپ حیران رہ جائیں گے۔

تو چند دن روزانہ 3 کھجوریں کھانے کے فوائد جانیں۔

ہڈیاں مضبوط ہوتی ہیں

امریکا کی نارتھ ڈکوٹا اسٹیٹ یونیورسٹی کے ماہرین کے مطابق کھجوروں میں ایسے اجزا ہوتے ہیں جو ہڈیوں کی صحت بہتر بناتے ہیں۔

ایک تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ فاسفورس، پوٹاشیم، کیلشیئم اور میگنیشم جیسے اجزا کھجوروں میں موجود ہوتے ہیں جو ہڈیوں کو مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ مختلف امراض سے تحفظ فراہم کرتے ہیں۔

نظام ہاضمہ بہتر ہوتا ہے

کھجوروں میں فائبر کی مقدار کافی زیادہ ہوتی ہے اور یہ غذائی جز نظام ہاضمہ کی صحت کے لیے بہت اہم ہوتا ہے۔

فائبر کے استعمال سے قبض سے بچنے میں مدد ملتی ہے اور آنتوں کے افعال بہتر ہوتے ہیں۔

ایک تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ جو افراد روزانہ کھجوریں کھاتے ہیں، ان کا معدہ دیگر افراد کے مقابلے میں زیادہ صحت مند ہوتا ہے۔

تناؤ اور ڈپریشن سے بچنے میں مدد

کھجوروں میں وٹامن بی 6 موجود ہوتا ہے جس سے جسم کو سیروٹونین اور norepinephrine جیسے کیمیکلز بنانے میں مدد ملتی ہے۔

یہ کیمیکلز دماغی صحت کو بہتر بناتے ہیں، سیروٹونین سے مزاج خوشگوار ہوتا ہے جبکہ norepinephrine تناؤ سے لڑتا ہے۔

ایک تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ جسم میں وٹامن بی 6 کی کمی سے ڈپریشن سے متاثر ہونے کا خطرہ بڑھتا ہے۔

توانائی میں اضافہ

کھجوریں فائبر، پوٹاشیم، میگنیشم، وٹامنز اور اینٹی آکسائیڈنٹس سے بھرپور ہوتی ہیں اور اسی وجہ سے یہ جسمانی توانائی کے لیے بہترین ثابت ہوتی ہیں۔

اس پھل کو کھانے سے جسمانی توانائی کی سطح میں کافی دیر تک مستحکم رہتی ہے۔

امراض قلب سے تحفظ

ایک تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ کھجور کھانے سے جسم کے اندر چکنائی اور تکسیدی تناؤ میں کمی آتی ہے اور یہ دونوں ہی امراض قلب کا خطرہ بڑھانے والے عناصر ہیں۔

کھجوروں میں پوٹاشیم کی مقدار کافی زیادہ ہوتی ہے اور یہ غذائی جز بلڈ پریشر کو کم کرتا ہے جس سے بھی امراض قلب اور فالج کا خطرہ کم ہوتا ہے۔

موسمی الرجی سے ممکنہ تحفظ

ایک تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ کھجوروں میں موجود اینٹی آکسائیڈنٹس سے جسمانی ورم میں کمی آتی ہے جس سے موسمی الرجیز سے بچنے میں ممکنہ مدد مل سکتی ہے۔

جسمانی وزن میں کمی

کھجوروں سے جسمانی وزن کو کنٹرول میں رکھنے میں بھی مدد مل سکتی ہے۔

اس میں موجود فائبر سے پیٹ بھرنے کا احساس دیر تک برقرار رہتا ہے جبکہ بلڈ گلوکوز کی سطح میں بھی تیزی سے اضافہ نہیں ہوتا۔

اس کے ساتھ ساتھ اینٹی آکسائیڈنٹس سے بھرپور یہ پھل جسم سے زہریلے مواد کو خارج کرکے ہاضمے کو بہتر بناتا ہے جس سے میٹابولزم تیز ہوتا ہے اور جسمانی وزن میں کمی لانے میں مدد ملتی ہے۔

بلڈ شوگر کنٹرول

کھجور کھانے سے بلڈ شوگر کی سطح میں بھی کمی آسکتی ہے۔

اس کی وجہ کھجوروں میں فائبر، اینٹی آکسائیڈنٹس اور دیگر اجزا کی موجودگی ہے۔

مگر اس کے لیے ضروری ہے کہ روزانہ 3 سے زیادہ کھجوریں کھانے سے گریز کریں، کیونکہ اس سے زیادہ کھانے سے صحت کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔