پاکستانی اداکارہ و ماڈل عائشہ خان نے اچانک شوبز انڈسٹری کو چھوڑنے کا اعلان کرکے اپنے لاکھوں مداحوں اور چاہنے والوں کو حیران کردیا۔
’جوانی پھر نہیں آنی‘ میں جوہر دکھانے والی اداکارہ نے شوبز انڈسٹری کو خیرآباد کہنے کا اعلان اپنی ایک فیس بک پوسٹ میں کیا۔
عائشہ خان نے اپنی پوسٹ میں اپنے مداحوں اور چاہنے والوں سمیت دوستوں کا بھی شکریہ ادا کیا اور ساتھ ہی سب کو درخواست کی کہ انہیں ہمیشہ دعاؤں میں یاد رکھا جائے۔
عائشہ خان نے پوسٹ میں لکھا کہ ’انہوں نے سوچ سمجھ کے بعد اپنی خوشی سے میڈیا انڈسٹری کو ہمیشہ ہمیشہ کے لیے بہترین طریقے سے خیر آباد کرنے کا فیصلہ کیا۔
ساتھ ہی انہوں نے لکھا کہ وہ اپنی زندگی کے اگلے مرحلے کے لیے انہتائی پر امید ہیں کہ وہ اطمینان بخش ہوگا۔
انہوں نے شوبز انڈسٹری سمیت باہر کے دوستوں اور مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا کہ کیریئر کے دوران ان کی بہت ہی بہترین افراد سے ملاقات ہوئی اور انہوں نے ہمیشہ انڈسٹری میں ذمہ داری کے ساتھ پیشہ ورانہ ذمہ داریاں نبھانے کی کوشش کی۔
ان کا کہنا تھا کہ ان کے قریبی دوست جانتے ہیں کہ انہوں نے 2016 سے بہت ہی کم شوبز منصوبوں میں کام کیا اور کچھ منصوبے تو اس کے لیے تاخیر کا شکار بھی رہے، جس پر وہ معزرت خواہ ہے۔
انہوں نے شوبز انڈسٹری کو خیرآباد کہنے کو اپنی نئی زندگی کی قسمت تلاش کرنے کی جستجو قرار دیتے ہوئے مداحوں، ساتھیوں اور دوستوں سے دعاؤں کی گزارش بھی کی۔
ان کی اسی پوسٹ پر کئی افراد نے انہیں بہترین اداکارہ قرار دیتے ہوئے ان کی نئی زندگی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
پوسٹ پر کمنٹس کرنے والے کچھ افراد اور مداحوں نے یہ خدشہ بھی ظاہر کیا کہ انہیں توقع ہے کہ وہ جلد ہی عائشہ خان کی جانب سے ایک بار پھر انڈسٹری میں آنے کا اعلان سنیں گے۔
جس پر اداکارہ نے انہیں مسکراتے ہوئے جواب دیا کہ امید ہے کہ وہ انڈسٹری میں واپس آنے کا اعلان نہیں کریں گی۔
اگرچہ عائشہ خان نے شوبز انڈسٹری کو خیرآباد کہنے کا اعلان کیا، تاہم انہوں نے اس فیصلے کی وجوہات نہیں بتائیں۔
خیال رہے کہ 35 سالہ عائشہ خان نے کیریئر کا آغاز 2000 سے ٹی وی ڈرامے سے کیا، جب کہ انہوں نے 2013 میں پہلی فلم ’وار‘ سے فلم ڈیبیو کیا۔
انہوں نے 50 سے زائد ڈراموں اور ٹی وی سیریلز میں اداکاری کرنے سمیت 5 کے قریب فلموں میں بھی کام کیا، جب کہ وہ متعدد منصوبوں کے اندر ماڈلنگ کرتی نظر آئیں۔
ان کی آخری فلم 2015 میں ریلیز ہونے والی ’جوانی پھر نہیں آنی‘ تھی، جب کہ ان کا نشر ہونے والا آخری ڈرامہ ’میری ننہی پری‘ ہے۔