37

گیلے آئی فون کو سکھانے کیلئے چاولوں میں نہ رکھیں، ایپل کی تنبیہ

اگر آپ بھی اپنے آئی فون کو پانی کے نقصان سے بچانے کیلئے چاولوں کے تھیلے میں ڈال کر سکھاتے ہیں تو اب سے ایپل کی تنبیہ پرایسا کرنا چھوڑ دیجیے۔

کچھ لوگوں میں یہ گماں پایا جاتا ہے کہ خشک چاول آئی فون کی نمی کو سکھانے میں مددگار ہیں تاہم اب ایپل نے اپنے صارفین کو ایسا کرنے سے گریز کا مشورہ دیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایپل سپورٹ کی جانب سے جاری نوٹ میں کہا گیا ہے کہ صارفین اپنے آئی فون کو چاول کے تھیلے میں نہ ڈالیں،  ایسا کرنے سے چاول کے چھوٹے ذرات آئی فون کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔

ایپل کے نوٹ میں بتایا گیا ہے کہ بغیر پکے ہوئے چاول آئی فون کو خشک کرنے میں مؤثر نہیں ہیں۔

تاہم اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ آئی فون صارفین فون گیلا ہوجانے کی صورت کیا کریں؟

ایپل نے اپنے صارفین کو دیے گئے مشورے میں بتایا کہ اگر آپ کا فون گیلا ہوجائے تو اسے کنیکٹر کی طرف سے نیچے رکھ کر  آدھے گھنٹے تک خشک ہونے کیلئے رکھ دیں، اگر فون مکمل طور پر خشک ہوجائے تو چارج کرلیں بصورت دیگر ایک دن کیلئے فون کو اسی حالت میں خشک ہونے دیں۔

اگر آپ کا فون بالکل کام نہیں کر رہا تو اسے فوراً بند کر دیں اور کوئی بٹن نہ دبائیں، اسے اس وقت تک چارج نہ کریں جب تک آپ کو یقین نہ ہو کہ یہ خشک ہوگیاہے۔

ایپل کے مطابق صارفین  آئی فون کو external heat source یا  compressed air کے ذریعے  خشک نہ کریں۔

مزید برآں آئی فون کےکنیکٹر میں  روئی یا  ٹشو ڈال کر سکھانے کی کوشش نہ کریں۔