68

بالی ووڈ پر مزید 35 سال بادشاہت کروں گا، شاہ رخ خان

بالی ووڈ کے کنگ شاہ رخ خان کا کہنا ہے کہ وہ انڈسٹری پر مزید 35 سال راج کریں گے۔

دبئی میں ایک کانفرنس میں شرکت کے موقع پر شاہ رخ خان سے سوال کیا گیا کہ انہوں نے اب تک ہالی ووڈ کی کسی فلم میں کام کیوں نہیں کیا؟، جس پر شاہ رخ نے جواب دیا کہ میرا کیریئر ختم ضرور ہوگا مگر یہ ابھی بہت دُور ہے۔  مجھے بالی ووڈ پر ابھی مزید 35 سال تک کام کرنا ہے۔

شاہ رخ نے گفتگو کے دوران انکشاف کیا کہ انہیں فلم سلم ڈاگ ملینیئر میں کام کی پیش کش ہوئی تھی مگر ان کا خیال تھا کہ یہ کردار ان کے لیے بہت چھوٹا تھا۔ شاہ رخ خان نے اپنی حالیہ تین فلموں کی ناکامی سے متعلق سوال پر وضاحت میں کہا کہ مجھے خوشی تھی کہ میرے گھر والوں نے مجھ سے یہ نہیں کہا کہ تمہارا پیزا تمہاری فلموں سے زیادہ اچھا ہے تو تم فلمیں بنانا بند کردو۔

انہوں نے کہا کہ میرے بچوں اور میری ٹیم نے تینوں فلموں کے لیے میری حوصلہ افزائی کی تھی، تاکہ میری خوش مزاجی برقرار رہے۔شاہ رخ خان نے کہا کہ میں بہت زیادہ مختلف یا  کسی بے مثال کردار کی تلاش میں تھا،  مجھے نئے پن کی ضرورت تھی مگر میں ناکام ہونے لگا تھا، مجھے بہترین بننے کی ضرورت تھی تاہم مجھے یہ بھی معلوم ہے کہ میرے مداح مجھ سے کیا چاہتے ہیں۔

شاہ رخ خان نے کہا کہ میں نے اپنا خود جائزہ لیا اور سوچا کہ میرے مداح مجھ سے کیا توقعات رکھتے ہیں، یقیناً وہ یہی چاہتے تھے کہ میں محبت اور خوشیاں بانٹتا رہوں۔

بالی ووڈ کنگ کا مزید کہنا تھا کہ پٹھان سے پہلے وقفے کے دوران میں نے پیزا بنانا سیکھ لیا تھا اور اس نے مجھے پرعزم رہنے کا سبق ملا۔ شاہ رخ خان نے کہا کہ ایک پرفیکٹ گول پیزا بنانے سے پہلے اس کی مشق بہت کچھ سکھاتی ہے۔