28

قائد ن لیگ نوازشریف چوتھی بار وزیراعظم نہیں بنیں گے،خواجہ آصف

مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ قائد ن لیگ نوازشریف چوتھی بار وزیراعظم نہیں بنیں گے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ نوازشریف چوتھی بار وزیراعظم نہیں بنیں گے، وزیراعظم کیلئے شہبازشریف ن لیگ کے امیدوار ہوں گے تاہم حتمی فیصلہ متوقع حکومتی اتحاد کی مشاورت سے ہوگا۔

سابق وزیردفاع نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب پر تقریباً اتفاق ہوچکا۔ نام پر سسپنس برقرار ہے، وفاق میں اتحادی حکومت بننے کے آثار ہیں۔ وزیر خزانہ کیلئے اسحاق ڈار کے نام پر ابھی فیصلہ نہیں ہوا۔

واضح رہے کہ پاکستان میں نئی حکومت کی تشکیل کے حوالے سے مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے درمیان رابطوں کے بعد اہم پیش رفت سامنے آگئی۔

گزشتہ روز بلاول بھٹو سے شہباز شریف نے بلاول ہاؤس میں ملاقات کی، ملاقات میں ملک کی مجموعی صورتحال اور مستقبل میں سیاسی تعاون پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔

دونوں جماعتوں کا مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے، جس کے مطابق مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی میں سیاسی تعاون پر اصولی اتفاق رائے ہوگیا۔ اعلامیے کے مطابق دونوں قائدین نے ملک کو سیاسی استحکام سے ہم کنار کرنے کیلئے سیاسی تعاون کرنے پر اتفاق کیا۔

وزیراعظم سے متعلق حتمی فیصلہ نہیں ہوا، مریم اورنگزیب

خواجہ آصف کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے مسلم لیگ ن کے ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا کہ خواجہ آصف کے بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا، وزیراعظم کے امیدوار کا نام ابھی طے نہیں کیا گیا۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ اتحادیوں اورسیاسی مشاورت سےنام متفقہ طورپرطے کیا جائے گا، بات چیت اور رابطوں کا سلسلہ جاری ہے۔ مشاورت کا عمل مکمل ہونے پر میڈیا کے ذریعے قوم کو اعتماد میں لیا جائے گا۔