44

ٹِک ٹاک ویڈیو گوگل سرچ انجن پر ظاہر ہونا شروع

کیلیفورنیا: گوگل سرچ انجن نے تلاش کے نتیجے میں ٹِک ٹاک ویڈیوز سے معلومات واضح انداز میں پیش کرنے کا آغاز کر دیا۔

ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم ٹک ٹاک عالمی سطح پر ایک متنازع پلیٹ فارم ہے لیکن اس پر موجود مواد کو نظر انداز کرنا کسی صورت ممکن نہیں۔

ویب سائٹ سرچ انجن لینڈ نے اس متعلق نشان دہی کرتے ہوئے بتایا کہ گوگل سرچ نے ٹک ٹاک سے معلومات نکال کر اپنے نتائج کی فیچرڈ پوزیشن میں پیش کرنے کا آغاز کر دیا ہے۔

ٹک ٹاک ویڈیوز ہمیشہ سے گوگل سرچ کے نتائج میں سامنے آتی رہی ہیں لیکن اس سے قبل ان کو کبھی کوئی واضح جگہ دستیاب نہیں ہوتی تھی۔

اب ٹک ٹاک ویڈیو اور ان کے عنوانات نے گوگل کے فیچرڈ اسنپٹ کے ساتھ مصنوعی ذہانت سے چلنے والے سرچ جینیریٹِیو ایکسپیریئنس (ایس جی ای) میں ظاہر ہونا شروع کر دیا ہے۔

گوگل کی جانب سے لیا جانے والا (یا آزمایا جانے والا) یہ اقدام نوجوان صارفین کو اپنی جانب مائل کرنے کی ایک کوشش ہے۔ گزشتہ دو برسوں میں یہ بات واضح ہوچکی ہے کہ جنریشن زی (1997 سے 2012 کے درمیان پیدا ہونے والے بچے) کے صارفین ٹک ٹاک کو ایک مؤثر سرچ انجن کے طور پر استعمال کر رہے ہیں۔

واضح رہے ٹک ٹاک کی جانب سے بھی کچھ عرصہ قبل ایک بٹن کا اضافہ کیا گیا ہے جس سے گوگل سرچ نتائج ٹک ٹاک سرچ نتائج کے ساتھ جڑ جاتے ہیں۔