391

سری دیوی کی میت ممبئی پہنچا دی گئی

لیجنڈری اداکارہ سری دیوی کی میت دبئی سے بھارت پہنچا دی گئی ہے۔

سری دیوی کی میت کو بھارتی صنعتکار مکیش امبانی کے نجی چارٹرڈ طیارے کے ذریعے ممبئی لے پہنچایا گیا جہاں کل ان کی آخری رسومات ادا کی جائیں گی۔

سری دیوی کے اہلخانہ کے مطابق لیجنڈری اداکارہ کی میت کو کل صبح ساڑھے 9 بجے سے ساڑھے 12 بجے تک لوکھنڈوالا کے اسپورٹس کلب میں عام عوام کے دیکھنے کے لیے رکھا جائے گا جس کے بعد ان کی آخری رسومات ساڑھے 3 بجے ادا کی جائیں گی۔

قبل ازیں دبئی میں بھارتی قونصلیٹ کی جانب سے بذریعہ ٹوئٹ بتایا گیا کہ پولیس نے سری دیوی کی میت حوالگی کا اجازت نامہ قونصلیٹ اور آنجہانی اداکارہ کے شوہر بونی کپور کے حوالے کر دیا ہے۔

سری دیوی کی میت بھارت لے جانے کی اجازت کے بعد ایمبولینس کے ذریعے ایئرپورٹ پہنچائی گئی جہاں بھارتی صنعتکار مکیش امبانی کا نجی چارٹرڈ طیارہ اسے ممبئی منتقل کرنے کے لیے تیار کھڑا تھا۔

دوسری جانب پبلک پراسیکیوشن نے موت کی وجہ حادثاتی طور پر ڈوبنے کو قرار دیتے ہوئے واقعے کی تحقیقات بھی بند کردی ہے۔  

اس سے قبل دبئی پولیس نے اداکارہ کی موت کے حوالے سے تحقیقات کے دائرے کو آگے بڑھاتے ہوئے 'مجرمانہ غفلت' کے زاویے کو بھی تفتیش میں شامل کیا تھا جب کہ آنجہانی اداکارہ کو اسپتال پہنچانے میں 'جان بوجھ کر تاخیر' کرنے کے مفروضے کو بھی تفیش کا حصہ بنایا گیا۔

یاد رہے کہ دبئی میں ایمرجنسی کے متاثرہ فرد کو اسپتال پہنچانے میں اوسطاً 7 منٹ لگتے ہیں تاہم سری دیوی کو اسپتال پہنچانے میں کافی وقت لگا اور اداکارہ کی موت ایمرجنسی وارڈ میں لے جائے جانے سے پہلے ہی ہوچکی تھی۔

لیبارٹری رپورٹ میں انکشاف ہوا کہ سری دیوی نے شراب نوشی کر رکھی تھی اور جس وقت وہ پانی سے بھرے باتھ ٹب میں گریں اس وقت وہ نشے کی حالت میں تھیں۔

تحقیقاتی ٹیم کی جانب سے آنجہانی اداکارہ کے شوہر بونی کپور سے بھی پوچھ گچھ کی گئی اور انہیں اجازت کے بغیر دبئی نہ چھوڑنے کی ہدایت کی گئی تھی۔ 

گزشتہ روز دبئی پولیس نے سری دیوی کی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں موت کا سبب حادثاتی طور پر باتھ ٹب میں ڈوبنا بتایا تھا جب کہ اس سے قبل حکام کی جانب سے کہا جارہا تھا کہ حرکت قلب بند ہونے کی وجہ سے اداکارہ کی موت واقع ہوئی۔