واشنگٹن: نیویارک نے باضابطہ طور پر سوشل میڈیا کو “مضر صحت” قرار دے دیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق نیویارک امریکہ کا پہلا شہر بن گیا جس نے سوشل میڈیا کو صحت کے لیے نقصان دہ قرار دے دیا۔
نیویارک کے میئر ایرک ایڈمز نے کہا ہے کہ ہیلتھ کمشنر ڈاکٹر ایشون واسان کی جانب سے سوشل میڈیا ایپس کو ماحولیاتی زہر قرار دینے پر غور کیا جا رہا ہے۔ یہ سوشل میڈیا ایپس بچوں اور نوجوانوں کو نقصان پہنچا رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم اپنے بچوں کو درپیش بحران کو ٹھیک کرنے جا رہے ہیں جبکہ سوشل میڈیا سے شہر میں دماغی صحت کا بحران بڑھ رہا ہے۔
نیویارک کے میئر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر لکھا کہ ہم بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں کو اپنے بچوں کے لیے خطرہ نہیں بننے دیں گے۔
ایرک ایڈمز نے یہ واضح نہیں کیا کہ کس طرح سوشل میڈیا کے خطرات سے روک تھام کی جائے گی اور لوگوں کو اس سے بچایا جائے گا۔
نیویارک شہر کی انتظامیہ کے مطابق اس حوالے سے اقدامات پر عملدرآمد کے منصوبوں کی تفصیلات جلد جاری کی جائیں گی۔