32

الیکشن کمیشن نے بیلٹ پیپرز کی چھپائی کی ڈیڈی لائن میں توسیع کردی

 اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد بیلٹ پیپرز کی چھپائی کی ڈیڈی لائن میں پانچ روز کی توسیع کردی۔

تفصیلات کے مطابق بیلٹ پیپرز کی چھپائی کا عمل آج مکمل ہونا تھا۔ ذرائع کے مطابق توسیع کے بعد قومی اسمبلی کی 4 جبکہ صوبائی اسمبلی کی 2 نشستوں پر بیلٹ پیپرز کی چھپائی دوبارہ ہوگی۔

ذرائع الیکشن کمیشن کے مطابق ملک بھر کے لیے تمام بیلٹ پیپرز کی چھپائی کا کام 31 جنوری کو مکمل کر لیا جائیگا جبکہ عا م انتخابات کیلئے 25 کروڑ 77 لاکھ سے زائد بیلٹ پیپرز چھاپے جا رہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق اس مرتبہ بیلٹ پیپرز کی چھپائی کیلئے 21 ٹن پیپراستعمال ہو رہاہے، بیلٹ پیپر مخصوص کاغذ پر چھاپا جاتا ہے جو بیرون ملک سے منگوایا جاتا ہے، پچھلے الیکشن میں بیلٹ پیپرز کے لئے8 ٹن پیپر منگوایا گیاتھا۔

ذرائع الیکشن کمیشن کے مطابق اس مرتبہ ہر حلقے میں زیادہ امیدواروں کے باعث لمبے بیلٹ پیپر چھاپنا پڑ رہے ہیں، بعض حلقوں میں چالیس چالیس امیدوار بھی حصہ لے رہے ہیں، الیکشن کمیشن 31جنوری کے بعد بیلٹ پیپرز کی ترسیل بھی فوری شروع کر دے گا۔