53

پاکستان اور ایران حالیہ تناؤ ختم کرنے پر متفق

پاکستان اور ایران کے وزرائے خارجہ نے حالیہ سرحدی کشیدگی کو ختم کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نگراں وزیرخارجہ جلیل عباس جیلانی اور ایران کے وزیرخارجہ میں رابطہ ہوا جس میں دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور ایران کےدرمیان حالیہ تناؤ ختم کرنے پر اتفاق کیا۔

ترجمان نے کہا کہ جلیل عباس جیلانی نے ایرانی وزیرخارجہ کوپاکستان کے تحفظات سے آگاہ کیا اور کہا کہ پاکستان کبھی بھی اپنی سلامتی پر سمجھوتا نہیں کرے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نگراں وزیرخارجہ قومی سلامی کمیٹی کو ایرانی ہم منصب سے بات چیت سےآگاہ کریں گے۔

قبل ازیں پاکستان اور ایران کے درمیان کشیدہ صورتحال کے بعد ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ رحیم حیات قریشی اورایرانی ہم منصب سید رسول موسوی میں مثبت پیغامات کا تبادلہ ہوا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر پاکستان کے ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ رحیم حیات قریشی اور ایرانی ہم منصب سید رسول مسوسی نے کشیدگی کے خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا۔

رسول موسوی نے لکھا تعلقات میں اتار چڑھاؤ آتے رہتے ہیں لیکن پاکستان اور ایران دوستانہ تعلقات کی اہمیت کوسمجھتے ہیں اور دشمنوں کو دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو متاثر نہیں ہونے دیں گے کیونکہ حالیہ تناؤ کا فائدہ دشمنوں اوردہشت گردوں کو ہوگا، آج مسلم دنیا کا اہم مسئلہ غزہ میں صہیونیوں کے جرائم بند کرنا ہے۔

ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ رحیم حیات قریشی نے رسول موسوی کے ٹوئٹ پر جواباً لکھا مثبت بات چیت کےذریعے تمام مسائل کو حل کرنے کیلئے آگے بڑھیں گے، دہشت گردی سمیت ہمارے مشترکہ چیلنجوں سےنمٹنے کیلئے مربوط کارروائی کی ضرورت ہے، دونوں ممالک کے درمیان برادرنہ تعلقات ہیں۔