36

پیپلز پارٹی کا ٹکٹ ہولڈر آئی پی پی میں شامل

پیپلزپارٹی کا جیالا پارٹی چھوڑ کراستحکام پاکستان پارٹی میں شامل ہو گیا، پی پی 228 سے ٹکٹ ہولڈر ارشد شاہ بخاری نے آئی پی پی میں شمولیت اختیار کر لی۔

پیپلز پارٹی کے رہنما ارشد شاہ بخاری نے استحکام پاکستان پارٹی کے سربراہ جہانگیر ترین سے ملاقات کی اوران کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے آئی پی پی میں باقاعدہ شمولیت کا اعلان کیا۔

پارٹی پیٹرن انچیف جہانگیر ترین نے ارشد بخاری کو پارٹی مفلر پہنایا اور آئی پی پی میں خوش آمدید کہا۔

اس موقع پر جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ ہم عام انتخابات میں جیت کر عوام کی حقیقی معنوں میں خدمات کریں گےلوگ جو ق در جوق پارٹی میں شامل ہو رہے ہیں، جلد ہی ہمارا قافلہ ایک تناور درخت بن جائے گا۔

گزشتہ روز استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کو پی پی 149 سے بھی بڑی حمایت مل گئی تھی۔ لاہور کے صوبائی اسمبلی کے حلقے پی پی 149 سے آزاد الیکشن لڑنے والے امیدوار حاجی شفیق ملک نے آئی پی پی رہنما شعیب صدیقی سے ملاقات کی تھی

اور استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی ) کے صدرعبدالعلیم خان کے حق میں دستبرداری کا اعلان کیا تھا۔ اس کے علاوہ علاقے کی تاجربرادری نے بھی عبدالعلیم خان کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے انتخابی مہم چلانے کا اعلان کیا تھا۔

آئی پی پی رہنما شعیب صدیقی نے سیاسی و سماجی شخصیات کی حمایت کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ مریم نواز اور عبدالعلیم خان کی کامیابی ہی اس علاقے کے عوام کی آواز ہے،کاروباری برادری کی حمایت پر شکرگزار ہیں،توقعات پر پورا اتریں گے۔