36

الیکشن کمیشن نے انتخابی نشانات کی تبدیلی سے روک دیا

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ریٹرننگ افسران کو امیدواروں کی درخواست پر انتخابی نشانات تبدیل کرنے سے روک دیا۔

کئی حلقوں میں مختلف امیدواروں نے پارٹی ٹکٹ ہونے کے باوجود غلط انتخابی نشان الاٹ ہونے کی درخواست ہے جب کہ بعض حلقوں میں آزاد امیدوار بوتل اور بینگن جیسے نشانات کے خلاف عدالتوں میں گئے ہیں۔

تاہم الیکشن کمیشن آف پاکستان نے منگل کو جاری ایک حکم نامے میں ریٹرنگ افسران سے کہا ہے وہ انتخابی نشان کی تبدیلی سے گریز کریں۔

حکم نامے میں کہا گیا کہ ”تمام صوبائی الیکشن کمشنر، ڈی آراوز، اور آر اوز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ انتخابی نشان کی تبدیلی سے اس مرحلہ پر اجتناب کریں۔“

حکم نامے کے مطابق، ”اگر کوئی تبدیلی لازم درکار ہو تو کمیشن سے پیشگی اجازت لیں کیونکہ بیلٹ پیپرز کی چھپائی شروع ہو چکی ہے اور ہوسکتا ہے انتخابی نشان کی تبدیلی ممکن نہ ہوسکے۔“

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے گذشتہ روز کہا تھا کہ پارٹی کے کم ازکم 7 امیدواروں کو تیر کا نشان نہیں دیا گیا جس کی وجہ سے وہ آزاد امیدوار شمار ہوں گے۔