جرمن آڈیو آلات بنانے والی معروف کمپنی سینہائزر نے دل کی دھڑکن اور جسم کا درجہ حرارت جاننے والے ایئر بڈز متعارف کروادیے۔
سینہائزر نے ایک ایسے نئے ایئر بڈز متعارف کروائے ہیں جو نا صرف آپ کے کانوں کو بہتر انداز میں آپ کی من پسند آواز سنائیں گے بلکہ دل کی دھڑکن اور جسم کے درجہ حرارت کو بھی بتانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
سینہائزر نے اپنے ان ایئر بڈز کو کنزیومر الیکٹرانکس شو(سی ای ایس) 2024 میں لانچ کیا۔
یہ ایئر بڈز دھڑکن اور جسم کا درجہ حرارت کیسے بتاتے ہیں؟
میڈیا رپورٹس میں بتایا جارہا ہے کہ یہ ایئر بڈز کسی بھی عام وائر لیس ایئر پاڈز سے مختلف ہیں کیونکہ یہ فوٹوپلیتھیسموگرافی سینسر(photoplethysmography sensor) کی مدد سے دل کی دھڑکن کو بتاتے ہیں اور اس میں موجود درجہ حرارت سینسر جسم کے درجہ حرارت کو بتاتا ہے۔
ان ایئر بڈز سے آپ اپنے آئی فون کی ایپل ہیلتھ ایپلی کیشن سمیت دیگر گیجٹس کی ایپس پر بھی ڈیٹا منتقل کرسکتے ہیں۔
ایئر بڈز کے دیگر فیچرز:
The Sennheiser Momentum Sport earbuds آپ کو اپنی من پسند آواز کے ساتھ ساتھ ماحول کی آوازوں سے بھی باخبر رکھتا ہے جب کہ آپ اس کے Active Noise Cancellation فیچر سے باہر کی آواز کو ختم کرکے اپنی من پسند آواز سے پوری توجہ سے محظوظ ہوسکتے ہیں۔
اس کے علاوہ یہ ایئر بڈز گر کر آسانی سے ٹوٹنے والے بھی نہیں ہیں جب کہ اس کا آئی پی 55 اسے پانی اور مٹی کے ذرات سے محفوظ رکھتا ہے۔
اگر اس کی بیٹری ہیلتھ کے حوالے سے بات کی جائے تو یہ ایک بار کے چارج پر 6 گھنٹے باآسانی نکال دیتا ہے۔
یہ ایئر بڈز مختلف رنگوں میں متعارف کروائے گئے ہیں جو 9 اپریل 2024 کو عوام کے لیے دستیاب ہوں گے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکا میں ان ایئر بڈز کی قیمت 330 ڈالرز ہوگی، جو ایپل ایئر پاڈز پرو کی دوسری جنریشن، سامسنگ گیلیکسی بڈز 2 پرو اور گوگل پکسل بڈز پرو سے زیادہ مہنگا ہے۔