26

جویریہ رؤف کا انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

پاکستان ویمن ٹیم کی خاتون کرکٹر جویریہ رؤف نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔

جویریہ رؤف نے کہا  پرانی یادوں اور شکریہ کے جذبات کیساتھ بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر رہی ہوں، یہ اتار چڑھاؤ کے ساتھ ایک اچھا سفر رہا۔

میں اپنے ملک کی اعلیٰ ترین سطح پر نمائندگی کرنے کو ایک اعزاز سمجھتی ہوں اور پاکستان کرکٹ بورڈ کی شکر گزار ہوں جس نے مجھے یہ تمام مواقع فراہم کیے۔

جویریہ رؤف نے 2011ء میں اپنے کیریئر کی ابتداء کی تھی ، 2013ء سے 2021ء کے درمیان چار ون ڈے اور 13 ٹی 20 انٹرنیشنل میچوں میں پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کی۔

واضح رہے  پچھلے برس 2023 میں بھی پاکستان کے 2 کھلاڑیوں نے اچانک کرکٹ چھوڑ کر مداحوں کو حیران کردیا تھا۔

پاکستانی آل راونڈر راونڈر عماد وسیم نے 24 نومبر 2023 کو انٹرنیشنل کرکٹ سے اچانک اور حیران کن طور پر ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا۔

ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ اب میری نظریں انٹرنیشنل اسٹیج سے ہٹ کر اپنے کیریئر کے اگلے مرحلے پر توجہ دینے پر مرکوز ہیں۔عماد وسیم کے کیریئر کا آغاز 2006 میں ہوا تھا، انہوں نے 55 ون ڈے اور 66 ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کی نمائندگی کی۔

مڈل آرڈر بیٹر اسد شفیق نے بھی 2023 میں ہی ریٹائرمنٹ کا اعلان کیاوہ پاکستان کی طرف سے 77 ٹیسٹ، 60 ون ڈے اور 10 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیل چکے ہیں۔

37 سالہ اسد شفیق 2010 کی دہائی میں اس وقت کے پاکستانی کپتان مصباح الحق کی ٹیسٹ سائیڈ کے اہم مڈل آرڈر بلے باز تھے اور انہوں نے اگست 2016 میں پاکستانی ٹیم کے ٹیسٹ رینکنگ میں سرفہرست آنے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔